استنبول: پاکستان اور ترکیہ کے توانائی شعبے کے اداروں کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے تین اہم مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کردیے گئے۔
استنبول میں ہونے والی اعلیٰ سطحی مشاورتی ملاقاتوں کے دوران طے پانے والے معاہدوں کا مقصد توانائی کے شعبے میں ادارہ جاتی روابط، تکنیکی تعاون اور علم کے تبادلے کو مضبوط بنانا ہے۔
پاکستان اور ترکیہ کے متعلقہ اداروں کے درمیان تین الگ الگ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے جن میں ISMO اور EPIAŞ، ISMO اور TEİAŞ جب کہ PPMC اور TEDAŞ کے درمیان تعاون کے معاہدے شامل ہیں۔
ان معاہدوں کے تحت دونوں ممالک بجلی کی مارکیٹ کی ترقی، معاون خدمات کے ضوابط، پاور سسٹم آپریشنز اور ٹرانسمیشن منصوبہ بندی کے شعبوں میں تعاون بڑھائیں گے۔
معاہدوں میں نجکاری کے بعد گورننس فریم ورک سے متعلق تجربات اور مہارت کے تبادلے کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ بجلی کی تقسیم کے شعبے کے انتظام، جدید ڈیجیٹلائزیشن اور ادارہ جاتی استعداد کار میں اضافے کے لیے مشترکہ اقدامات پر بھی اتفاق کیا گیا۔
وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ توانائی کے اداروں کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان شراکت داری انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ترکیہ کے بجلی مارکیٹ اصلاحات کے تجربات سے استفادہ کرے گا جب کہ ٹرانسمیشن سسٹم کی ترقی اور بجلی کی تقسیم کے شعبے کی جدیدکاری سے متعلق ترک تجربات سے بھی سیکھنے کا موقع ملے گا۔
اویس لغاری کا کہنا تھا کہ نجکاری کے بعد کے گورننس فریم ورک سے متعلق ترکیہ کے تجربات پاکستان کے لیے مفید ثابت ہوسکتے ہیں۔ اداروں کے درمیان تعاون سے عملی معلومات، تکنیکی مہارت اور آپریشنل تجربات کا تبادلہ ممکن ہوگا جس سے کارکردگی، خدمات کی فراہمی اور گورننس میں بہتری آئے گی۔
ترک حکام نے بھی توانائی کے شعبے میں طویل المدتی ادارہ جاتی تعاون کی حمایت کے عزم کا اظہار کیا۔ مفاہمتی یادداشتیں مشترکہ تکنیکی اقدامات، ماہرین کے تبادلے، تربیتی پروگراموں، مطالعاتی دوروں اور مشترکہ منصوبوں کے فروغ کی راہ ہموار کریں گی۔
حکومت پاکستان نے ان معاہدوں کو پاکستان اور ترکیہ کے درمیان توانائی شعبے کے مذاکرات کا ایک اہم نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پیش رفت دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی اسٹریٹجک شراکت داری اور توانائی کے شعبے میں باہمی تعاون کی مضبوطی کا واضح مظہر ہے۔














