Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستانی زائرین کے لیے عراقی حکام نے سخت شرائط عائد کر دیں

ویزا مسترد ہونے یا انٹری نہ ملنے کی صورت میں فیس کی واپسی نہیں کی جائے گی

عراقی حکومت نے پاکستانی زائرین کے لیے ویزا سے متعلق نئی اور سخت شرائط جاری کر دی ہیں جن کے بعد زیارت کے لیے سفر کرنے والوں اور ٹور آپریٹرز کو نئے قوانین پر مکمل عمل درآمد کا پابند بنایا گیا ہے۔

حکام کے مطابق وزارت کی جانب سے زائرین اور زیارت گروپ آرگنائزرز کو واضح ہدایت دی گئی ہے کہ عراقی ویزا قوانین کی کسی بھی خلاف ورزی سے گریز کیا جائے بصورت دیگر مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

نئے ضوابط کے مطابق فیملی ویزا پر اکیلے سفر کرنے والے افراد کو عراق میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ 50 سال سے کم عمر اکیلے مرد زائرین پر بھی عراق میں داخلے کی پابندی عائد ہوگی۔

مزید یہ کہ ویزا مسترد ہونے یا انٹری نہ ملنے کی صورت میں فیس کی واپسی نہیں کی جائے گی حکام کے مطابق عاشورہ اور اربعین کے لیے ایک ہی ویزا کا استعمال بھی قابلِ قبول نہیں ہوگا۔

ویزے کی مدت صرف 30 دن مقرر کی گئی ہے اور اس سے زائد قیام کرنے والوں کے لیے جرمانے، ملک بدری اور مستقبل میں تاحیات داخلے پر پابندی جیسے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

عراقی حکام نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ پاکستان سے آنے والے زائرین کے پاسپورٹ عراق پہنچنے پر امیگریشن کے پاس عارضی تحویل میں رہیں گے تاکہ نظامِ امیگریشن کو مؤثر بنایا جا سکے۔

متعلقہ خبریں