کراچی: عراق نے پاکستانی زائرین کے لیے نئی ویزا شرائط جاری کردی ہیں جب کہ متعلقہ حکام نے زائرین اور زیارت گروپ آرگنائزرز کو عراقی ویزا قوانین پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
حکام کے مطابق فیملی ویزا پر اکیلے سفر کرنے والے افراد کو عراق میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی جب کہ 50 سال سے کم عمر اکیلے مرد زائرین کے عراق میں داخلے پر بھی پابندی عائد ہوگی۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ ویزا مسترد ہونے یا عراق میں داخلے کی اجازت نہ ملنے کی صورت میں ویزا فیس واپس نہیں کی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق عاشورہ اور اربعین کے لیے ایک ہی ویزا استعمال نہیں کیا جاسکے گا جب کہ عراقی ویزا صرف 30 دن کے لیے کارآمد ہوگا۔
حکام کا کہنا ہے کہ مقررہ مدت سے زائد قیام کی صورت میں جرمانے، بے دخلی اور تاحیات عراق میں داخلے پر پابندی عائد کی جاسکتی ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستانی زائرین کے پاسپورٹ عراق پہنچنے پر عراقی امیگریشن حکام کی تحویل میں رہیں گے۔















