Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

محکمہ موسمیات نے کراچی میں بارش کی خوشخبری سنا دی

کراچی سمیت مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے

ملک میں مون سون ہواؤں کا سلسلہ داخل ہو گیا ہے جس کے زیرِ اثر کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج اور کل کراچی میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے، تیز ہوائیں چلنے اور مختلف علاقوں میں بوندا باندی ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعہ 3 جولائی کو کراچی میں ہلکی بارش متوقع ہے جبکہ گھوٹکی، سکھر، لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ، جیکب آباد اور نوشہرو فیروز میں آندھی، گرج چمک اور بارش کا امکان ہے۔

دوسری جانب سندھ کے بیشتر دیہی اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج صبح کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

پیش گوئی کے مطابق شہر کا موسم جزوی ابر آلود اور مرطوب رہے گا جبکہ آج اور کل رات اور صبح کے اوقات میں بعض علاقوں میں ہلکی بوندا باندی بھی ہو سکتی ہے۔