Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ملک بھر میں موسلادھار بارشیں؛ این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا

پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی اور سیلاب کا خدشہ ہے

اسلام آباد: ملک میں 6 سے 10 جولائی کے دوران بارشوں اور دریاؤں کی صورتحال کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 6 جولائی سے شمالی علاقہ جات میں ایک فعال موسمی نظام داخل ہونے کا امکان ہے جس کے تحت کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا، پوٹھوہار، اسلام آباد اور شمالی پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق 7 سے 10 جولائی کے دوران بالائی دریائی علاقوں میں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے جبکہ 7 جولائی کو شمالی علاقوں خیبرپختونخوا، پنجاب اور شمالی بلوچستان میں بھی بارشوں کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔

ادارے نے بتایا ہے کہ دریائے سندھ، جہلم، چناب، راوی اور ستلج میں پانی کے بہاؤ میں معمولی اضافہ ہو سکتا ہے تاہم اس وقت بڑے پیمانے پر دریائی سیلاب کا کوئی خطرہ موجود نہیں ہے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ پہاڑی ندی نالوں میں اچانک طغیانی اور سیلاب کا خدشہ ہے جبکہ شدید بارشوں کے دوران شہری علاقوں اور نشیبی مقامات پر اربن فلڈنگ بھی ہوسکتی ہے۔

ادارے کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کے امکانات بھی موجود ہیں۔