کراچی میں آئندہ 10 سے 15 روز تک موسم زیادہ تر ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ صبح اور شام کے اوقات میں ہلکی پھوار یا رم جھم کا سلسلہ بھی جاری رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے ترجمان انجم نذیر ضیغم کے مطابق جولائی اور اگست کراچی میں خوشگوار موسم کے اعتبار سے نمایاں مہینے ہیں جن کے دوران شہر میں بادل چھائے رہتے ہیں اور درجہ حرارت نسبتاً معتدل رہتا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ آئندہ 10 روز کے دوران کراچی میں تیز بارش کا امکان نہیں جبکہ اس عرصے میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 29.5 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ 15 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ آج مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور شہر میں تیز بارش کے امکانات نہیں ہیں۔




















