Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پیٹرول پمپس بند ہونے کا خطرہ، ڈیلرز نے روزانہ قیمتوں کے حکومتی فیصلے کو مسترد کردیا

اگر حکومت نے فیصلہ واپس نہ لیا تو ڈیلرز مجبورا اپنا کاروبار بند کردیں گے، صدر پی پی ڈے اے سندھ

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ تعین کے حکومتی فیصلے پر پیٹرول پمپ ڈیلرز نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کردیا جبکہ مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں ملک گیر ہڑتال کی دھمکی دے دی۔

پاکستان پیٹرول پمپ ایسوسی ایشن نے حکومت کے اس فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا تعین قابل قبول نہیں۔

پاکستان پیٹرول پمپ ایسوسی ایشن کے نمائندے نعمان بٹ نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ واپس نہ لیا تو آئندہ ہفتے ہڑتال کریں گے۔ حکومت اپنی نالائقی کو چھپانے کے لیے ایسے فیصلے نہ کرے۔

نعمان بٹ کا کہنا تھا کہ حکومت نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے ساتھ مل کر فیصلہ کیا جبکہ پیٹرول پمپ ڈیلرز سمیت دیگر شراکت داروں سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ایسے فیصلے کرنے سے پہلے ڈیلرز کو اعتماد میں لے کیونکہ اس طرح کے اقدامات سے کاروباری مسائل میں اضافہ ہوگا۔

دوسری جانب پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن سندھ کے صدر امیر خان نے بھی روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کے ریٹ مقرر کرنے کے فیصلے کو مسترد کردیا۔

امیر خان نے کہا کہ روز کا نیا ریٹ ڈیلرز کے لیے قابل قبول نہیں اس فیصلے سے مارکیٹ میں افرا تفری پھیلے گی۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کے شعبے کو ڈی ریگولیٹ کرنے کی باتیں بھی ہو رہی ہیں لیکن یہ دونوں معاملات ڈیلرز کے لیے قابل قبول نہیں۔

صدر پی پی ڈی اے سندھ نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے فیصلہ واپس نہ لیا تو ڈیلرز مجبورا اپنا کاروبار بند کردیں گے۔

امیر خان کا کہنا تھا کہ حکومت کو کوئی بھی فیصلہ کرنے سے پہلے ڈیلرز کے نمائندوں کو اعتماد میں لینا چاہیے بصورت دیگر ڈیلرز کام بند کرنے پر مجبور ہوں گے۔

متعلقہ خبریں