Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 2026-27 کے باقاعدہ شیڈول کا اعلان کردیا

ڈومیسٹک سیزن کے آغاز میں نیشنل چیمپئنز کپ لسٹ اے اور ڈیپارٹمنٹل ون ڈے کپ منعقد کیے جائیں گے

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 2026-27 کے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کا شیڈول جاری کردیا، جس کا آغاز 11 اگست کو ملتان میں ہوگا، نئے سیزن میں 2027 کے ورلڈ کپ کی تیاریوں کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔

ڈومیسٹک سیزن کے آغاز میں نیشنل چیمپئنز کپ لسٹ اے اور ڈیپارٹمنٹل ون ڈے کپ منعقد کیے جائیں گے تاکہ قومی کھلاڑیوں کو ون ڈے فارمیٹ میں زیادہ مواقع فراہم کیے جاسکیں۔

ریڈ بال کرکٹ میں قائد اعظم ٹرافی گولڈ اور سلور جبکہ پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون اور گریڈ ٹو گولڈ و سلور ٹورنامنٹس شامل ہوں گے،پریذیڈنٹ ٹرافی کے تینوں ایونٹس 12 ستمبر سے شروع ہوں گے جبکہ قائد اعظم ٹرافی گولڈ اور سلور کا آغاز یکم نومبر سے ہوگا۔

قائد اعظم ٹرافی گولڈ میں 8 جبکہ سلور میں 12 ٹیمیں حصہ لیں گی،دونوں ڈویژنز فرسٹ کلاس کرکٹ پر مشتمل ہوں گی، جس میں ایک ٹیم کی ترقی اور ایک ٹیم کی تنزلی کا نظام بھی برقرار رکھا جائے گا۔

پی سی بی نے ریجنل کرکٹ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے 16 ریجنز کی 18 ٹیموں کی تعداد بڑھا کر 20 کردی ہے، سیالکوٹ اور پشاور ریجنز کی بھی لاہور اور کراچی کی طرح دو، دو ریجنل ٹیمیں ہوں گی۔

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے گولڈ اور سلور دونوں ٹورنامنٹس 5 فروری سے 6 مارچ تک لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

پی سی بی نے انڈر 19 کھلاڑیوں کے لیے تین روزہ میچز کا ٹورنامنٹ بھی شامل کیا ہے۔ نیشنل انڈر 19 کپ اور نیشنل انڈر 19 چیمپئن شپ 22 اکتوبر سے 5 دسمبر تک جاری رہیں گی، جبکہ انڈر 15 ون ڈے کپ اکتوبر اور نومبر اور انڈر 17 ٹو ڈے ٹورنامنٹ نومبر اور دسمبر میں منعقد ہوگا، ڈسٹرکٹ چیلنج لیگز، انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 19 اور انٹر ڈسٹرکٹ سینئر ٹورنامنٹس بھی معمول کے مطابق جاری رہیں گے۔

پی سی بی کے سینئر جنرل منیجر ڈومیسٹک کرکٹ اسامہ شارون نے کہا کہ 2026-27 کا ڈومیسٹک سیزن کھلاڑیوں اور شائقین دونوں کے لیے یادگار ثابت ہوگا، انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی جانب سے ڈومیسٹک کرکٹ کے لیے بہتر مالی معاونت اور ریجنل کرکٹ کو مضبوط بنانے کے اقدامات قابل تحسین ہیں۔

اسامہ شارون کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کی تیاریوں کو اہمیت دیتے ہوئے سیزن کا آغاز دو ون ڈے ٹورنامنٹس سے کیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کھلاڑیوں کی ترقی اور زیادہ مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے، جبکہ انڈر 19 کھلاڑیوں کو ریڈ بال کرکٹ کے مواقع ملنے سے ان کی صلاحیتوں میں مزید نکھار آئے گا۔

متعلقہ خبریں