سیکیورٹی فورسز کی آپریشن رد الفتنہ 3 کے تحت بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف مؤثر اور کامیاب کارروائیاں جاری ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف پنجگورکے علاقے سرکینی، چھیدگی میں خفیہ اطلاعات پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا جس کے نتیجے میں فتنہ الہندوستان کے اہم سرغنہ وزیر ولد جمال سمیت 5 دہشت گرد جہنم واصل کردیے گئے۔
آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے 4 موٹر سائیکلیں، مشین گنز اور بھاری اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ ہلاک دہشت گرد پنجگور میں مقامی تاجروں اور دیگر شہریوں سے لوٹ مار، بھتہ خوری، اغواء اور دہشت گردانہ کارروائی میں ملوث تھے۔
سیکیورٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ علاقے میں فتنہ الہندوستان کے ممکنہ دیگر دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، فورسز بلوچستان سے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

















