تہران: ایرانی بری فوج کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل علی جہانشاہی نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی سرزمین پر کسی بھی امریکی فوجی کی موجودگی یا کارروائی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق بریگیڈیئر جنرل علی جہانشاہی نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کی مسلح افواج کسی بھی ممکنہ دشمن کارروائی کا مؤثر انداز میں جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
ایرانی بری فوج کے کمانڈر کا کہنا تھا کہ زمینی افواج کو مکمل جنگی تیاری کی حالت میں رکھا گیا ہے جبکہ ملک کی سرحدوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی فوج ملکی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے اپنی تمام دفاعی صلاحیتیں بروئے کار لائے گی اور کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔
بریگیڈیئر جنرل علی جہانشاہی نے مزید کہا کہ ایران اپنی سرزمین کے دفاع میں کسی قسم کی غفلت کا مظاہرہ نہیں کرے گا، دشمن کی جانب سے کسی بھی کارروائی کی صورت میں فوری اور مؤثر ردعمل دیا جائے گا۔
ایرانی بری فوج کے کمانڈر کے مطابق سرحدی علاقوں میں سکیورٹی انتظامات فعال ہیں اور فوجی یونٹس کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔


















