قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان نے چیمپئنز کپ میں شاندار سنچری اسکور کرکے زیادہ لسٹ اے سنچریاں بنانے والے پاکستانی بلے بازوں کی فہرست میں ٹاپ 5 میں جگہ بنالی۔
فخر زمان نے چیمپئنز کپ کے دوران پاک گرینز کی نمائندگی کرتے ہوئے پاک گولڈ کے خلاف 105 گیندوں پر 115 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 7 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔
یہ فخر زمان کے لسٹ اے کیریئر کی 21 ویں سنچری تھی جس کے بعد وہ پاکستان کے ان بلے بازوں میں شامل ہوگئے ہیں جنہوں نے اس طرز کی کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنائی ہیں۔
فخر زمان نے اب تک 171 لسٹ اے میچز کھیلے ہیں جن کی 169 اننگز میں وہ 8 مرتبہ ناٹ آؤٹ رہے۔ انہوں نے 46.79 کی اوسط سے مجموعی طور پر 7534 رنز بنائے ہیں جن میں 21 سنچریاں اور 41 نصف سنچریاں شامل ہیں۔
پاکستان کے ٹیسٹ کپتان بابر اعظم 31 لسٹ اے سنچریوں کے ساتھ اس فہرست میں سب سے آگے ہیں جب کہ خرم منظور 27 سنچریوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
سابق مایہ ناز اوپنر سعید انور نے لسٹ اے کرکٹ میں 26 سنچریاں بنا رکھی ہیں اور وہ تیسرے نمبر پر ہیں جب کہ سابق کپتان سلمان بٹ 24 سنچریوں کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر موجود ہیں۔
کامران اکمل اور فخر زمان 21، 21 سنچریوں کے ساتھ مشترکہ طور پر پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔ ایشین بریڈمین کے نام سے مشہور ظہیر عباس 19 سنچریوں کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہیں۔
سلیم الٰہی اور اظہر علی نے لسٹ اے کرکٹ میں 18، 18 سنچریاں اسکور کر رکھی ہیں اور دونوں مشترکہ طور پر ساتویں نمبر پر ہیں۔
محمد حفیظ، شان مسعود اور احمد شہزاد 17، 17 سنچریوں کے ساتھ مشترکہ طور پر آٹھویں نمبر پر موجود ہیں جب کہ اعجاز احمد، اظہر علی، امام الحق اور شعیب ملک نے 16، 16 سنچریاں بنا رکھی ہیں۔
محمد یوسف، رمیز راجہ، عمر امین اور عمران فرحت 15، 15 سنچریوں کے ساتھ مشترکہ طور پر دسویں نمبر پر ہیں جبکہ محمد رضوان نے لسٹ اے کرکٹ میں 14 سنچریاں اسکور کی ہیں۔
یونس خان، انضمام الحق، سلیم ملک اور جاوید میانداد نے اپنے لسٹ اے کیریئر میں 12، 12 سنچریاں بنائیں جب کہ مصباح الحق کے نام 11 لسٹ اے سنچریاں ہیں۔
فخر زمان کی حالیہ سنچری نے انہیں پاکستانی بلے بازوں کی اس فہرست میں نمایاں مقام دلادیا ہے اور اب وہ کامران اکمل کے ساتھ مشترکہ طور پر پانچویں پوزیشن پر موجود ہیں۔


















