سماجی رابطے کے معروف پلیٹ فارم انسٹاگرام نے تقریباً 10 سال بعد اپنے لوگو میں معمولی مگر نمایاں تبدیلی متعارف کرادی ہے۔
انسٹاگرام کے نئے لوگو میں سب سے نمایاں تبدیلی اس کے نام کے لکھنے کے انداز میں کی گئی ہے۔ نئے حروف کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ نرم خم اور قدرے ہاتھ سے لکھے ہوئے انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے۔
نئے انداز میں بعض حروف، بالخصوص ’’ایس‘‘، ’’جی‘‘ اور ’’آر‘‘ کی ساخت میں واضح فرق نظر آتا ہے۔ کمپنی کے مطابق اس تبدیلی کا مقصد برانڈ کی موجودہ شناخت کے مطابق تحریری انداز کو مزید سادہ، صاف اور جدید بنانا ہے۔
اہم بات یہ ہے کہ انسٹاگرام نے اپنے معروف کیمرہ نما نشان کو تبدیل نہیں کیا۔ گلابی، نارنجی اور جامنی رنگوں پر مشتمل موجودہ رنگین نشان بدستور پہلے کی طرح برقرار رکھا گیا ہے۔
انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسری نے نئے تحریری انداز کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ کمپنی گزشتہ تقریباً ایک دہائی سے ایک ہی انداز استعمال کر رہی تھی، اس لیے اب اس میں تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا۔
ایڈم موسری کے مطابق نئے انداز میں انسٹاگرام کی ابتدائی بصری شناخت سے متاثر ہونے والے عناصر بھی شامل کیے گئے ہیں تاہم کوشش کی گئی ہے کہ تحریری شکل کو موجودہ دور کے مطابق زیادہ سادہ اور واضح بنایا جائے۔
نئی تبدیلی سامنے آنے کے بعد صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل بھی سامنے آرہے ہیں تاہم کمپنی نے واضح کیا ہے کہ اس تبدیلی کا دائرہ فی الحال صرف نام کے تحریری انداز تک محدود ہے۔
واضح رہے کہ صارفین کو اپنے موبائل فون اور پلیٹ فارم پر نظر آنے والا معروف رنگین کیمرے کا نشان بدستور اسی شکل میں دکھائی دے گا۔ نئی تبدیلی زیادہ تر ان مواقع پر نمایاں ہوگی جب انسٹاگرام کا مکمل نام اس کے نشان کے ساتھ لکھا جائے گا۔




















