Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

انڈونیشیا کے ساحل کے قریب 7.7 شدت کا زلزلہ؛ 20 افراد ہلاک، سونامی وارننگ جاری

زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 4:58 بجے تقریباً 35 کلومیٹر گہرائی میں آیا

انڈونیشیا کے ساحلی علاقے میں 7.7 شدت کے شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق شدید نوعیت کے زلزلے کے باعث ساحلی علاقوں میں شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ متعدد افراد گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ زلزلے کے جھٹکے وسیع علاقے میں محسوس کیے گئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 7.7 ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 4:58 بجے تقریباً 35 کلومیٹر گہرائی میں آیا، زلزلے کے بعد انڈونیشیا کی جیو فزکس ایجنسی نے ابتدائی طور پر سونامی کی وارننگ جاری کردی۔

حکام کے مطابق زلزلے کے ممکنہ جانی و مالی نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی اداروں کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

زلزلے کے بعد ممکنہ آفٹر شاکس کے خدشے کے پیش نظر شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور حکام کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں