Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اوپن اے آئی کا بات کرنے والا ذہین اسپیکر تیاری کے مراحل میں

اوپن اے آئی کا مقصد ایسی ڈیوائس بنانا ہے جس سے آپ عام انسانوں کی طرح بات کر سکیں

گزشتہ ایک برس سے یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ اوپن اے آئی اور سابق ایپل ڈیزائنر جونی آئیو مل کر کسی نئی ڈیوائس پر کام کر رہے ہیں تاہم اب اس حوالے سے کافی معلومات سامنے آ گئی ہیں۔

یہ نئی ڈیوائس ایک حیرت انگیز اسپیکر ہوگی جو دھاتی ڈونٹ کی طرح دکھائی دے گی۔

مختصر جسامت اور بیٹری سے چلنے والا یہ اسمارٹ اسپیکر عام اسپیکر سے قدرے مختلف ہوگا اور اسے ایک جگہ سے دوسری جگہ بآسانی لے جایا جاسکے گا۔

اس حیرت انگیز ڈیوائس میں صرف اسپیکر اور مائیکروفون ہی دستیاب نہیں ہوں گے بلکہ ممکنہ طور پر کیمرے، مختلف سینسرز اور لائٹس بھی نصب ہوں گی۔

 اس نئی ڈیوائس کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ اس  کے کچھ حصے نہ صرف متحرک ہوں گے بلکہ بات کرنے یہ اپنے انداز میں ردِعمل بھی ظاہر کریں گے مثلاً یہ صرف آواز میں جواب دینے کے بجائے اپنی روشنی یا حرکت سے بھی بتا سکتا ہے کہ وہ آپ کی بات سن رہا ہے یا جواب دے رہا ہے۔

یہ عام اسمارٹ اسپیکر سے کیسے مختلف ہوگا؟

ایمازون، گوگل اور ایپل کے اسمارٹ اسپیکرز عام طور پر مخصوص کمانڈز پر کام کرتے ہیں۔ لیکن اوپن اے آئی کا مقصد ایسی ڈیوائس بنانا ہے جس سے آپ عام انسانوں کی طرح بات کر سکیں۔

مثلاً آپ کہیں لائٹ بند کر دو تو اسے سمجھنا ہوگا کہ آپ کس لائٹ کی بات کر رہے ہیں۔

اگر آپ چند سیکنڈ پہلے کسی چیز کے بارے میں بات کر رہے تھے اور پھر کہیں اسے بھی بند کر دو تو اے آئی کو پچھلی گفتگو یاد رکھ کر سمجھنا ہوگا کہ ’’اسے‘‘ سے آپ کی مراد کیا ہے یعنی اصل کمال صرف اسپیکر میں نہیں بلکہ اے آئی کی سمجھ اور یادداشت میں ہوگا۔

اس ڈیوائس میں آپ کے گھر کے مختلف آلات کو کنٹرول کرنے کی صلاحیت موجود ہوگی جیسے لائٹس آن یا آف کرنا، ٹائمر لگانا، مختلف اسمارٹ ڈیوائسز چلانا، سوالات کے جواب دینا، قدرتی انداز میں گفتگو کرنا اورآپ کی بات کا سیاق و سباق سمجھنا۔

اس حیرت انگیز کیمرے میں مختلف سینسرز ہونے کی وجہ سے یہ اپنے اردگرد کے ماحول کو بھی بہتر طور پر سمجھ سکے گا مثلاً اسے معلوم ہو سکے گا کہ آپ کس جگہ موجود ہیں یا آپ کس چیز کی طرف اشارہ کر رہے ہیں۔

اس ڈیوائس کی اصل خوبی اس کا ڈونٹ جیسا ڈیزائن نہیں بلکہ اس کے پیچھے موجود چیٹ جی پی ٹی کی اے آئی ٹیکنالوجی ہوگی۔

اوپن اے آئی اس ڈیوائس کے ذریعے ایسا اے آئی اسسٹنٹ بنانا چاہتی ہے جس سے بات کرنے کے لیے ہمیں روبوٹ کی طرح مخصوص جملے یاد نہ رکھنے پڑیں۔ ہم عام انداز میں بات کریں اور اے آئی ہماری بات سمجھ کر کام کر دے۔

ابھی اس ڈیوائس کے بارے میں بہت سی تفصیلات واضح نہیں ہیں، مثلاً اس کے کیمرے کس طرح استعمال ہوں گے، اس میں زیادہ تر کام ڈیوائس کے اندر ہوگا یا انٹرنیٹ کے ذریعے، اور یہ دوسرے اسمارٹ ہوم آلات کے ساتھ کتنی اچھی طرح کام کرے گا۔

اس کی متوقع قیمت تقریباً 300  سے 400 ڈالر ہوگی اور اسے 2027  میں لانچ کیا جا سکتا ہے۔

اگر موجودہ رپورٹس درست ثابت ہوتی ہیں تو 2027  میں اوپن اے آئی پہلی بار ایسی اے آئی ڈیوائس پیش کر سکتا ہے جو گھر میں ایک مستقل ’’ذہین ساتھی‘‘ کی طرح موجود ہوگی۔