Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امریکی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی؛ سفیر کے مقبوضہ کشمیر سے متعلق ریمارکس پر شدید احتجاج

امریکی سفیر کا بیان اقوام متحدہ کے چارٹر کی بالادستی سے متعلق امریکی عزم کے بھی منافی ہے، دفتر خارجہ

اسلام آباد: پاکستان نے بھارت میں امریکی سفیر کے مقبوضہ جموں و کشمیر کے دورے اور ریمارکس پر شدید احتجاج کرتے ہوئے امریکی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرلیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق امریکی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے بھارت میں امریکی سفیر کے مقبوضہ جموں و کشمیر کے دورے پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

ترجمان نے بتایا کہ امریکی سفیر برائے بھارت سرجیو گور کے دورے کے دوران جموں و کشمیر کی حیثیت سے متعلق دیے گئے بیان پر سخت ڈیمارش کیا گیا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان نے جموں و کشمیر کو ’’بھارت کا حصہ‘‘ قرار دینے کی سختی سے مذمت کی ہے، جموں و کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ جموں و کشمیر کا حتمی فیصلہ متعلقہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا ہے۔

دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکی سفیر کا غیر ذمہ دارانہ بیان جموں و کشمیر تنازع پر امریکا کے دیرینہ اور دستاویزی مؤقف کی نفی کرتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ امریکی سفیر کا بیان بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی بالادستی سے متعلق امریکی عزم کے بھی منافی ہے۔

پاکستان نے امریکا پر زور دیا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے متنازع تشخص کے مطابق اپنے عوامی بیانات کو یقینی بنایا جائے اور اس حوالے سے ذمہ دارانہ مؤقف اختیار کیا جائے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان نے معرکہ حق کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر تنازع کے حل کے لیے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش کو سراہا ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی متنازع حیثیت سے متعلق ذمہ دارانہ مؤقف اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ خبریں