Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حکومت کا ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے کمی کا اعلان

اوگرا کی جانب سے آج ڈیزل کی قیمت میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا، علی پرویز ملک

اسلام آباد: وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے کمی کا اعلان کردیا۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو جنگ کی وجہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی زائد قیمتوں اور عوام کو درپیش مشکلات کا مکمل احساس ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ حکومت کو عوامی مسائل کا مکمل ادراک ہے، ہم اپنے تمام وسائل بروئے کار لاکر عوام کو تحفظ دینے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان اپنے استعمال ہونے والے ڈیزل کا بڑا حصہ ملک میں ہی ریفائن کرتا ہے، وزیراعظم کی ہدایت پر ریفائنریز کے ساتھ اہم اجلاس کیا گیا۔

وفاقی وزیر کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی درخواست ریفائنریز نے قبول کرلی ہے اور ریفائنریز نے ڈیزل کی قیمت میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔

علی پرویز ملک کہتے ہیں کہ ریفائنریز کے تعاون سے ڈیزل کی قیمت میں نمایاں کمی کی جارہی ہے، ڈیزل کی قیمت میں 30 سے 32 روپے فی لیٹر تک کمی کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اوگرا کی جانب سے آج ڈیزل کی قیمت میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا جس کے بعد عوام کو ڈیزل کی قیمت میں نمایاں کمی کا فائدہ حاصل ہوگا۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں اہم فیصلہ کیا گیا، وزیراعظم نے ہدایت دی کہ ریفائنریز کے ساتھ مذاکرات کیے جائیں۔

عطا تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر ریفائنریز کے ساتھ مذاکرات کیے گئے اور ریفائنریز نے ڈیزل کی قیمت میں کمی پر اتفاق کیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق اوگرا کی جانب سے ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کچھ دیر میں کیا جائے گا۔ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے، آئندہ دنوں میں عوام کو مزید خوشخبریاں ملیں گی۔