پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے ویمنز ایشیاکپ کے لیے بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹورنامنٹ پاکستان ٹیم کے لیے ایک نیا موقع ہے، کھلاڑی اپنی تیاری کے مطابق بہتر کرکٹ کھیلنے اور اپنی صلاحیتیں ثابت کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
فاطمہ ثنا کا کہنا تھا کہ ٹیم ویمنز ایشیاکپ کے لیے پُراعتماد ہے اور یہ ٹورنامنٹ قومی ٹیم کے لیے اپنی کارکردگی دکھانے کا نیا موقع ہے۔
قومی ٹیم کی کپتان نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑی یہاں کی کنڈیشنز سے اچھی طرح واقف ہیں اور کافی عرصے سے یہاں کھیل رہی ہیں، اس لیے ٹیم کو مقامی حالات کا اندازہ ہے اور کھلاڑی ان کنڈیشنز کی عادی ہیں۔
فاطمہ ثنا کے مطابق ویمنز ایشیاکپ کے لیے ٹیم کی تیاری بہت اچھی ہے، کیمپ کے دوران مختلف شعبوں میں بھرپور محنت کی گئی اور کئی اہم چیزوں پر کام کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی کہ ٹیم یہاں بہتر کرکٹ کھیلے اور اپنی تیاری کو میدان میں اچھی کارکردگی میں تبدیل کرے۔
کپتان فاطمہ ثنا نے کہا کہ یہاں کی کنڈیشنز اسپنرز کے لیے مددگار ثابت ہوتی ہیں جب کہ پاکستان کی اسپنرز بھی حالیہ عرصے میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتی آرہی ہیں، اس لیے انہیں بھی ان حالات سے فائدہ ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم کی کوشش ہوگی کہ کنڈیشنز کو سمجھتے ہوئے اپنی مضبوطی کے مطابق کھیل پیش کرے اور ٹورنامنٹ میں اچھے نتائج حاصل کرے۔
فاطمہ ثنا نے پاکستانی شائقین سے بھی قومی ٹیم کو سپورٹ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ فینز اس مرتبہ بھی آئیں اور ٹیم کو بھرپور سپورٹ کریں۔
قومی ٹیم کی کپتان نے کھلاڑیوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اپنی صلاحیت کے مطابق کھیلیں، خود کو ثابت کریں اور کھیل کو انجوائے کریں۔



















