Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیراعظم شہباز شریف بشکیک پہنچ گئے، ایس سی او اجلاس میں شرکت متوقع

وزیراعظم محمد شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے خطاب کریں گے

وزیراعظم محمد شہباز شریف تین روزہ دورے پر کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک پہنچ گئے جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

بشکیک پہنچنے پر کرغزستان کی کابینہ کے چیئرمین عادلبیک قاسمالییف نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کا شاندار استقبال کیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے خطاب کریں گے اور علاقائی و عالمی امور پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف ایس سی او پلس سربراہی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے اور ورلڈ نومیڈ گیمز کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی بھی شرکت کریں گے۔

دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کرنے والے مختلف ممالک کے رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے جن میں باہمی تعلقات، تجارت و سرمایہ کاری، علاقائی تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف کرغزستان کے صدر صادر ژاپاروف سے بھی دوطرفہ ملاقات کریں گے جس میں پاکستان اور کرغزستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔

وزیراعظم کے دورۂ کرغزستان کے دوران تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، علاقائی روابط، تعلیم، سیاحت اور عوامی روابط کے فروغ پر بات چیت ہوگی۔

یاد رہے کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور وفاقی وزراء جام کمال خان، علیم خان اور عطاء اللہ تارڑ پاکستانی وفد میں شامل ہیں۔