سندھ حکومت نے خواتین کو بااختیار بنانے کے پروگرام کو مزید وسعت دیتے ہوئے آئندہ مرحلے میں میرپورخاص میں پنک الیکٹرک اسکوٹیز تقسیم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کے مطابق پنک الیکٹرک اسکوٹی اور تربیتی پروگرام میں خواتین کی غیر معمولی دلچسپی سامنے آئی ہے اور اب تک 50 ہزار سے زائد خواتین درخواستیں دے چکی ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ کی خواتین حکومت کے اس پروگرام میں بھرپور دلچسپی لے رہی ہیں، جبکہ اب تک 2 ہزار سے زائد خواتین کو اسکوٹی چلانے اور متعلقہ تربیت فراہم کی جاچکی ہے۔
ان کے مطابق تربیتی پروگرام کراچی، حیدرآباد، سکھر، میرپورخاص اور شہید بینظیرآباد سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں جاری ہے۔ حکومت کا مقصد زیادہ سے زیادہ خواتین کو محفوظ طریقے سے اسکوٹی چلانے کے قابل بنانا ہے۔
صوبائی وزیر کے مطابق پروگرام کے پہلے مرحلے میں 925 جبکہ دوسرے مرحلے میں 476 پنک اسکوٹیز مختص کی گئی تھیں۔ اب تک 810 سے زائد اسکوٹیز خواتین میں مفت تقسیم کی جاچکی ہیں، جن میں کراچی کی خواتین کے لیے 410، سکھر کے لیے 200 اور حیدرآباد کے لیے 200 اسکوٹیز شامل ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ سندھ حکومت اس پروگرام کو صوبے کے مزید علاقوں تک پھیلا رہی ہے اور آئندہ مرحلے میں میرپورخاص میں بھی پنک الیکٹرک اسکوٹیز تقسیم کی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد خواتین کو بااختیار بنانا، انہیں نقل و حرکت کی بہتر آزادی اور خوداعتمادی فراہم کرنا اور تعلیم و روزگار سمیت معاشی مواقع تک ان کی رسائی آسان بنانا ہے۔

















