یورپی ملک کروشیا میں ایک ایسا انوکھا گھر موجود ہے جسے دیکھ کر ہر کوئی حیران رہ جاتا ہے۔
کروشیا کے جزیرے بْرَچ کے قصبے بول میں واقع ایک انوکھی عمارت ’’ہاؤس اِن اے ہاؤس‘‘ (Paloc) آج بھی اپنی غیر معمولی تعمیر کے باعث سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ یہ عمارت بظاہر ایک بڑے نامکمل محل کے اندر موجود ایک چھوٹے سے گھر کی صورت میں دکھائی دیتی ہے جو دیواروں کے بیچ قید سا محسوس ہوتا ہے۔

مقامی روایات کے مطابق 19ویں صدی کے آخر میں ایک امیر سمندری کاروباری شخص ووکووچ نے اس مقام پر ایک شاندار محل تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا تھا اس مقصد کے لیے اس نے اردگرد کی زیادہ تر زمین خرید لی، تاہم ایک شخص مارکو ’’سیلا‘‘ نے اپنا گھر فروخت کرنے سے انکار کر دیا۔
کہا جاتا ہے کہ متعدد کوششوں کے باوجود جب مارکو سیلا کو راضی نہ کیا جا سکا تو محل کی تعمیر اسی کے گھر کو مرکز میں رکھتے ہوئے شروع کر دی گئی۔ مقصد یہ تھا کہ تنگ ہوتے ہوئے ماحول کے باعث وہ آخرکار اپنا گھر فروخت کرنے پر مجبور ہو جائے مگر ایسا نہ ہوا۔
مارکو سیلا اپنے فیصلے پر ڈٹا رہا اور یوں اس کا گھر آج بھی بڑے ڈھانچے کے اندر موجود ہے۔ یہ منفرد عمارت اب مقامی تاریخ میں ضد، ثابت قدمی اور انفرادیت کی ایک علامت کے طور پر جانی جاتی ہے، جبکہ سیاح اس غیر معمولی منظر کو دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں یہاں آتے ہیں۔




















