Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چین میں انوکھا رہائشی منصوبہ: فلائی اوور کے نیچے عمارتیں تعمیر

سڑک کے بالکل نیچے واقع گھروں میں رہنے والے افراد کو روزانہ گاڑیوں کے شور، دھول مٹی اور مسلسل لرزش کا سامنا رہتا ہے۔

 چین کے شہر گوئی یانگ میں 1997 میں تعمیر ہونے والا شوئیکوسی اوور پاس اپنے منفرد رہائشی منصوبے کی بدولت دنیا بھر میں توجہ حاصل کر رہا ہے جہاں فلائی اوور کے نیچے اور اس سے متصل رہائشی عمارتیں قائم کی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق شہر کے مرکزی علاقے میں غریب اور متوسط طبقے کو کم لاگت رہائش فراہم کرنے اور محدود اراضی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے مقامی حکام نے شہر کو اطراف میں پھیلانے کے بجائے فلائی اوور کے نیچے موجود غیر استعمال شدہ جگہ کو رہائشی منصوبے کے لیے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا۔

اوور پاس کی تعمیر کے تقریباً دو سال بعد یہاں قریباً 10 رہائشی بلاکس تعمیر کیے گئے جبکہ بعد ازاں خالی جگہوں پر مزید عمارتیں بھی قائم کی گئیں جن میں سے بعض فلائی اوور سے قریباً جڑی ہوئی دکھائی دیتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: چین نے انسان سے مشابہ دنیا کا پہلا بایونک ہیومنائیڈ روبوٹ متعارف کرا دیا

سڑک کے بالکل نیچے واقع گھروں میں رہنے والے افراد کو روزانہ گاڑیوں کے شور، دھول مٹی اور مسلسل لرزش کا سامنا رہتا ہے تاہم مقامی مکینوں کا کہنا ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ وہ ان حالات کے عادی ہو چکے ہیں۔

رہائشیوں کے مطابق شہر کے مرکز کے قریب مناسب قیمت پر گھر دستیاب ہونا ان مشکلات کے مقابلے میں کہیں زیادہ اہم ہے جبکہ کئی افراد اب اس مسلسل لرزش کو اپنے علاقے کی منفرد شناخت اور کشش کا حصہ قرار دیتے ہیں۔

یہ غیر معمولی منصوبہ دنیا بھر میں اس بات کی مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے کہ محدود زمین کے باوجود بڑھتی ہوئی شہری آبادی کے لیے متبادل رہائشی حل کیسے تلاش کیے جا سکتے ہیں۔