نیوزی لینڈ کے جنوبی علاقے میں آنے والے زلزلے کے بعد سونامی کا خطرہ ختم ہونے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
نیشنل ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی نے بتایا کہ تی ایناؤ کے قریب آنے والے زلزلے کے بعد جاری سونامی ایڈوائزری اور انخلا کا حکم واپس لے لیا گیا ہے۔
حکام نے اس سے قبل جنوبی جزیرے کے مغربی ساحلی علاقوں ملفورڈ ساؤنڈ سے پوائسیکر پوائنٹ تک رہنے والے افراد کو فوری طور پر بلند مقامات یا سونامی زون سے باہر منتقل ہونے کی ہدایت کی تھی۔
زلزلے کی ابتدائی شدت 6.3 ریکارڈ کی گئی تھی جسے بعد میں کم کرکے 5.9 قرار دی گئی۔
ایمرجنسی حکام کے مطابق زلزلے کے بعد دو گھنٹوں کے دوران ارتھ سائنسز نیوزی لینڈ نے سونامی کی کوئی خطرناک سرگرمی ریکارڈ نہیں کی جس کے بعد خطرہ ختم قرار دے دیا گیا۔
بجلی فراہم کرنے والی کمپنی پاور نیٹ نے بھی تصدیق کی کہ زلزلے کے باعث بجلی کے نظام میں کسی بڑے نقصان یا تعطل کی اطلاع نہیں ملی۔ احتیاطی طور پر مقامی سب اسٹیشنز کا معائنہ کیا گیا جہاں سب کچھ معمول کے مطابق پایا گیا۔
حکام نے شہریوں کو صورتحال پر نظر رکھنے اور کسی بھی نئی ہدایت پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔




















