Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پابندی لگائی جائے ، پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ بچوں کی جسمانی، ذہنی، نفسیاتی اور اخلاقی نشوونما کا تحفظ ریاست کی آئینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے

پنجاب میں 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پابندی کے لیے قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی گئی۔

قرارداد رکن پنجاب اسمبلی سارہ احمد نے جمع کرائی، جس میں صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ وفاقی حکومت کو سفارش کرے کہ بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کو مؤثر انداز میں چلانے اور آن لائن تحفظ یقینی بنانے کے لیے جامع قانون سازی کی جائے۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ بچوں کی جسمانی، ذہنی، نفسیاتی اور اخلاقی نشوونما کا تحفظ ریاست کی آئینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے، تاہم سوشل میڈیا تک غیر محدود رسائی نے کم عمر بچوں کو سائبر بلنگ، آن لائن جنسی استحصال، نامناسب مواد، ذہنی دباؤ، ڈیجیٹل لت اور دیگر سنگین آن لائن خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔

قرارداد میں یہ بھی کہا گیا کہ دنیا کے معتدد ممالک کم عمربچوں کے سوشل میڈیا استعمال سے متعلق قوانین اور عمرکی پابندی متعارف کراچکے ہیں پنجاب اسمبلی کا ایوان وفاقی حکومت سے سفارش کرتا ہے کہ پی ٹی اے تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارم عمرکی تصدیق کا نظام نافذ کرے۔

متعلقہ خبریں