Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سورج کی سطح کی اب تک کی سب سے واضح تصویر حاصل کرلی گئی

اس تصویر کی مدد سے سورج کی سطح پر ہونے والی پیچیدہ حرکات اور توانائی کے عمل کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد ملے گی۔

واشنگٹن: سائنس دانوں نے سورج کی سطح کی اب تک کی سب سے زیادہ واضح تصویر حاصل کرلی ہے، جس میں ستارے کے اندرونی نظام اور سرگرمیوں سے متعلق حیران کن تفصیلات سامنے آئی ہیں۔

ماہرین کے مطابق اس تصویر کی مدد سے سورج کی سطح پر ہونے والی پیچیدہ حرکات اور توانائی کے عمل کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد ملے گی۔

رپورٹ کے مطابق یہ تاریخی مشاہدہ امریکی ادارے کی شمسی دوربین کے ذریعے کیا گیا، جسے دنیا کی طاقتور ترین شمسی دوربینوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

بین الاقوامی ماہرین کی ٹیم نے سورج کی سطح کا انتہائی باریک بینی سے جائزہ لیا، جس کے دوران وہاں موجود گھومتے ہوئے غیر معمولی نمونے دریافت کیے گئے۔

تحقیق میں معلوم ہوا کہ سورج کی سطح پر نظر آنے والی یہ لہریں اور گھومتی ہوئی ساختیں ایک خاص قسم کی عدم استحکام کی نشاندہی کرتی ہیں، جو اس وقت پیدا ہوتی ہے جب مائع یا گیس کے بہاؤ کی رفتار میں فرق پیدا ہو۔

سائنس دانوں کے مطابق اس قسم کی حرکت کا امکان پہلے بھی ظاہر کیا جاتا رہا تھا، تاہم پہلی مرتبہ سورج کی سطح پر اسے براہ راست اس وضاحت کے ساتھ دیکھا گیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ دریافت سورج اور دیگر ستاروں میں موجود گیس نما مادے کی حرکیات کو سمجھنے میں اہم پیش رفت ثابت ہوگی۔

قومی شمسی رصدگاہ کے نائب سربراہ ڈیوڈ بوبولٹز کے مطابق سورج کی سطح پر اس عمل کی دریافت ستاروں کے ارتقا اور ان کے اندر ہونے والی تبدیلیوں کو سمجھنے کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔

سائنس دانوں کے مطابق نئی تصویر صرف ایک خوبصورت منظر نہیں بلکہ سورج کے مقناطیسی حصوں کے کناروں پر ہونے والی سرگرمیوں کا اہم ثبوت بھی فراہم کرتی ہے۔

تحقیق سے حاصل ہونے والی معلومات مستقبل میں سورج کی سرگرمیوں، خلائی موسم اور دیگر ستاروں کے نظام کو سمجھنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔