امریکا اور ایران کے درمیان 60 روزہ جنگ بندی میں توسیع کے حوالے سے سامنے آنے والی خبروں پر تہران نے تردید کردی ہے۔ ترک میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک نے جنگ بندی کی مدت بڑھانے پر اتفاق کرلیا تھا تاہم ایرانی ذرائع نے اس دعوے کو بے بنیاد قرار دے دیا۔
ترک خبر ایجنسی نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ امریکا اور ایران نے موجودہ 60 روزہ جنگ بندی میں توسیع پر رضامندی ظاہر کردی ہے اور دونوں فریقوں نے اس حوالے سے ثالثوں کو بھی آگاہ کردیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ واشنگٹن اور تہران جنگ بندی کی نئی مدت کے تعین کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ پیغامات کا تبادلہ کر رہے ہیں جبکہ موجودہ جنگ بندی کی مدت 17 اگست کو ختم ہونی ہے۔
تاہم سینئر ایرانی ذرائع نے خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے امریکا کے ساتھ جنگ بندی میں توسیع پر کسی بھی قسم کے اتفاق کی تردید کردی۔
ایرانی ذرائع کا کہنا ہے کہ تہران کے نقطہ نظر سے جنگ بندی کے آغاز کی کوئی باقاعدہ تاریخ موجود نہیں اس لیے اس کی توسیع کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
ایرانی حکام کے مطابق امریکا نے عبوری معاہدے کے صرف 48 گھنٹے بعد مبینہ طور پر اس کی خلاف ورزی کی اور چند روز بعد معاہدے سے دستبردار ہوگیا۔
ذرائع نے مزید کہا کہ زیرِ غور معاملات میں امریکا کا مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دوبارہ واپس آنا اور اپنی ذمہ داریاں مکمل کرنے کے لیے واضح وقت کا تعین شامل ہے۔




















