Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کیپیٹل مارکیٹ اور انشورنس خدمات تک رسائی کےلیے ڈیجیٹل کے وائی سی متعارف

نئے ضوابط سے مالیاتی لین دین میں شفافیت، سیکیورٹی اور ٹریس ایبلٹی کو مزید بہتر بنایا جائےگا

 سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے اینٹی منی لانڈرنگ ریگولیشنز 2020 میں ترامیم کرتے ہوئے ڈیجیٹل “نو یور کسٹمر” کے وائی سی نظام متعارف کرا دیا ہے جس کا مقصد سرمایہ کاروں اور صارفین کے لیے کیپیٹل مارکیٹ اور انشورنس خدمات تک رسائی کو مزید آسان، محفوظ اور شفاف بنانا ہے۔

ایس ای سی پی کے مطابق نئے نظام کے تحت سرمایہ کاروں اور صارفین کی شناخت اور تصدیق بینک اکاؤنٹ کے انٹرنیشنل بینک اکاؤنٹ نمبر آئی بی اے این  کے ذریعے کی جا سکے گی۔ اس اقدام سے اسٹاک مارکیٹ میں نیا اکاؤنٹ کھلوانے کے لیے متعدد تصدیقی دستاویزات فراہم کرنے اور بار بار بائیو میٹرک تصدیق کرانے کی ضرورت ختم ہو جائے گی۔

کمیشن کا کہنا ہے کہ سیکیورٹیز بروکرز، انشورنس کمپنیاں، نان بینکنگ فنانس کمپنیاں این بی سی اور مضاربہ کمپنیاں بھی آئی بی اے این کے ذریعے صارفین کی تصدیق کر سکیں گی، جبکہ تمام مالی لین دین صرف صارف کے اپنے تصدیق شدہ بینک اکاؤنٹ کے ذریعے انجام دیا جائے گا۔

ایس ای سی پی کے مطابق نئے ضوابط سے مالیاتی لین دین میں شفافیت، سیکیورٹی اور ٹریس ایبلٹی کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ اس کے علاوہ جدید بائیو میٹرک تصدیق، بشمول چہرے کی شناخت فیشل ریکگنیشن، کو بھی ریگولیشنز کا حصہ بنا دیا گیا ہے تاکہ صارفین کی شناخت کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

کمیشن نے مزید بتایا کہ نادرا کے بلاک شدہ قومی شناختی کارڈز سے منسلک سرمایہ کاری اکاؤنٹس کو فوری طور پر بلاک کرنے کی سہولت بھی فراہم کر دی گئی ہے جس سے مالیاتی نظام کو مزید محفوظ بنانے میں مدد ملے گی۔

ایس ای سی پی کے کمشنر ڈاکٹر کبیر سدھو نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے ذریعے سرمایہ کاری کے عمل کو آسان، محفوظ اور شفاف بنایا جا رہا ہے، جبکہ نئے اقدامات سے سرمایہ کاروں کو بہتر اور زیادہ سہل خدمات فراہم کی جا سکیں گی۔

متعلقہ خبریں