کراچی: کے الیکٹرک نے 12 ربیع الاول کے موقع پر مذہبی سرگرمیوں میں سہولت فراہم کرنے کے لیے اپنے نیٹ ورک کے بعض علاقوں میں لوڈشیڈنگ سے استثنیٰ کا اعلان کیا ہے۔
کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ کراچی بھر میں مذہبی اجتماعات کے متوقع مقامات پر شہر کے 355 فیڈرز کو ترجیحی بنیادوں پر استثنیٰ کے لیے مختص کیا گیا ہے۔
کے الیکٹرک کے مطابق ان فیڈرز میں 158 ویری ہائی لوس، 109 ہائی لوس اور 88 میڈیم لوس والے فیڈرز شامل ہیں جب کہ ان متعلقہ علاقوں میں نقصانات کے تناسب کی بنیاد پر معمول کے مطابق شیڈول کی لوڈشیڈنگ کی جاسکتی تھی۔
حکام نے بتایا کہ کے الیکٹرک کی آپریشنل ٹیمیں الرٹ رہیں گی جب کہ کسی بھی نیٹ ورک سے متعلق خرابی یا ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری ردعمل اور مسئلے کے حل کو یقینی بنانے کے لیے اضافی تکنیکی وسائل بھی تعینات کیے گئے ہیں۔
کے الیکٹرک نے عوام سے بجلی کے انفراسٹرکچر، بالخصوص بجلی کے اوورہیڈ تاروں کے قریب احتیاط برتنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی تنصیبات سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں تاکہ 12 ربیع الاول کی مذہبی سرگرمیوں کا پرامن اور محفوظ انعقاد یقینی بنایا جاسکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ صارفین خدمات تک آسان رسائی کے لیے کے الیکٹرک کی 24/7 ہیلپ لائن اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے استفادہ کرسکتے ہیں، جہاں بجلی کے بلوں کی ادائیگی، شکایات کا اندراج، بجلی کی بندش سے متعلق معلومات اور اکاؤنٹ مینجمنٹ سمیت مختلف سہولیات دستیاب ہیں۔
کے الیکٹرک نے مزید بتایا کہ صارفین کے ای لائیو ایپ، واٹس ایپ سروس اور کے ای کے سرکاری سوشل میڈیا چینلز کے ذریعے بھی ان خدمات سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔















