Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امریکا نے دنیا بھر میں امیگرنٹ ویزا درخواستیں روک دیں، ہزاروں درخواست گزار متاثر

متاثرہ افراد میں ایسے درخواست گزار بھی شامل ہیں جنہوں نے انٹرویوز کے لیے ہزاروں ڈالر خرچ کیے

ٹرمپ انتظامیہ نے قونصلر افسران کی خصوصی تربیت کے لیے دنیا بھر میں امیگرنٹ ویزا درخواستوں کا عمل عارضی طور پر روک دیا، جبکہ متعدد درخواست گزاروں کے پہلے سے طے شدہ انٹرویوز بھی منسوخ یا ری شیڈول کردیے گئے۔

فنانشل ٹائمز کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے قونصلر افسران کی “گہری تربیت” کے لیے عالمی سطح پر ویزا سروسز کے شیڈول میں تبدیلی کی ہے۔

متعدد درخواست گزاروں کو امریکی سفارت خانوں اور قونصل خانوں کی جانب سے ای میلز موصول ہوئی ہیں، جن میں بتایا گیا ہے کہ ان کے طے شدہ انٹرویوز ری شیڈول کیے جا رہے ہیں اور نئی تاریخ اور وقت سے آگاہ کیا جائے گا۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ خوشحال امریکا کے لیے ضروری ہے کہ ویزا درخواست گزاروں کے بارے میں یہ یقینی بنایا جائے کہ وہ امریکی قانون کے تحت “پبلک چارج” بننے یا ضرورت مند امریکی شہریوں کے لیے مختص سرکاری مراعات پر انحصار کرنے کے امکانات نہ رکھتے ہوں۔

محکمہ خارجہ نے رواں ماہ عالمی سطح پر تربیتی پروگرام شروع کیا ہے، جس کا مقصد قونصلر افسران کو ہر ویزا درخواست گزار کا جامع اور یکساں طریقے سے جائزہ لینے کے لیے مکمل طور پر تیار کرنا ہے۔

امیگرنٹ ویزا عمل میں یہ تعطل ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ امریکی امیگریشن پالیسی مزید سخت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جن میں ویزوں اور گرین کارڈز پر نئی پابندیاں اور تقریباً تمام پناہ گزینوں کی آبادکاری کا عمل ختم کرنا شامل ہے۔

امریکی امیگریشن لا فرم فریگومین کے وکیل برائن سیمنز کے مطابق متاثرہ افراد میں ایسے درخواست گزار بھی شامل ہیں جنہوں نے انٹرویوز کے لیے ہزاروں ڈالر خرچ کیے اور اپنی زندگیوں میں بڑی تبدیلیاں کیں، لیکن آخری وقت میں ان کے انٹرویوز منسوخ کردیے گئے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے یہ نہیں بتایا کہ ویزا انٹرویوز کب دوبارہ شروع ہوں گے، صرف اتنا کہا ہے کہ خصوصی تربیت کے لیے ویزا سروسز کے اپائنٹمنٹس میں تبدیلی کی جائے گی۔

یہ پیش رفت ایک وفاقی جج کی جانب سے گزشتہ ہفتے ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے 75 زیادہ تر غریب ممالک کے شہریوں کی امیگریشن درخواستیں روکنے کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کے بعد سامنے آئی ہے۔

متعلقہ خبریں