پاکستان ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کی مایہ ناز اداکارہ صنم سعید نے اپنے کیریئر کے دوران ملنے والی تنقید اور سوشل میڈیا تجربات پر کھل کر گفتگو کی ہے۔
ایک حالیہ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے صنم سعید نے بتایا کہ مجھے سوشل میڈیا پر بہت زیادہ ٹرولنگ کا سامنا نہیں کرنا پڑا تاہم جو تنقید ہوئی وہ زیادہ تر میری شکل و صورت سے متعلق تھی۔
اداکارہ نے کہا کہ بعض افراد مجھے نامناسب القابات سے بھی مخاطب کرتے رہے لیکن میں نے اس قسم کے تبصروں کو کبھی سنجیدگی سے نہیں لیا، کسی بھی شخص کی جسمانی ساخت یا شکل و صورت پر تنقید دراصل ایک حساس معاملہ ہے اور میں اسے مثبت انداز میں دیکھتی ہوں۔
صنم سعید نے کہا کہ انسان کی تخلیق اللہ تعالیٰ کی جانب سے ہوتی ہے اس لیے کسی کی شکل و صورت پر تنقید دراصل اس کی ذات پر نہیں بلکہ خالق کی تخلیق پر سوال اٹھانے کے مترادف ہے۔
پروگرام کے دوران میزبان نے پاکستان میں خوبصورتی کے معیار پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہاں اکثر مخصوص رنگت اور خدوخال کو ترجیح دی جاتی ہے جبکہ عالمی سطح پر مختلف رنگتوں اور اندازِ جمال کو بھی سراہا جاتا ہے۔
اس پر صنم سعید نے کہا کہ ان کے چہرے کے نقوش روایتی پاکستانی خواتین سے کافی حد تک مماثلت رکھتے ہیں اور مداح اکثر مختلف اداکاراؤں کے ساتھ ان کی مشابہت کا ذکر بھی کرتے ہیں۔

















