موسیقی کے بے تاج بادشاہ مائیکل جیکسن کی زندگی پر بننے والی بایوپک ’مائیکل‘ نے عالمی باکس آفس پر ایک ارب ڈالر سے زائد کا بزنس کرکے نئی تاریخ رقم کر دی۔
رپورٹس کے مطابق ہدایت کار اینٹوان فوکوا کی اس فلم نے کمائی کے اعتبار سے ’بوہیمین ریپسوڈی‘ اور ’اوپن ہائیمر‘ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ بوہیمین ریپسوڈی نے دنیا بھر میں 911 ملین ڈالر جبکہ اوپن ہائیمر نے 977 ملین ڈالر کا بزنس کیا تھا۔
فلم میں مائیکل جیکسن کا مرکزی کردار ان کے بھتیجے جعفر جیکسن نے ادا کیا ہے جبکہ کم عمر مائیکل جیکسن کے کردار میں جولیانو کرو ویلدی نظر آئے ہیں دیگر نمایاں فنکاروں میں کولمین ڈومینگو، نیا لانگ اور جیسیکا سولا شامل ہیں۔
View this post on Instagram
فلم کو ناقدین کی جانب سے ملا جلا ردعمل ملا جہاں معروف ویب سائٹ روٹن ٹومیٹوز پر اسے ناقدین کی جانب سے 40 فیصد ریٹنگ دی گئی تاہم شائقین نے فلم کو بھرپور پذیرائی دی اور اسے 97 فیصد آڈیئنس اسکور حاصل ہوا۔
رپورٹس کے مطابق فلم نے ریلیز کے پہلے ہفتے میں دنیا بھر سے 217 ملین ڈالر کی کمائی کی جو کسی بھی میوزیکل بایوپک کے لیے اب تک کا سب سے بڑا افتتاحی بزنس قرار دیا جا رہا ہے۔
فلم میں مائیکل جیکسن کی عالمی شہرت، ابتدائی زندگی، خاندانی پس منظر، غیر معمولی کامیابیوں اور فنی سفر کے دوران درپیش چیلنجز کو مؤثر انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ فلم کی شاندار کامیابی کو نہ صرف مائیکل جیکسن کے مداحوں بلکہ عالمی فلمی صنعت کے لیے بھی ایک تاریخی سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
















