Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حج 2027 تا 2030: گھر بیٹھے رجسٹریشن کرانے والوں کی تعداد 3 لاکھ سے تجاوز کر گئی

وزارت کے مطابق حج 2027 تا 2030 کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا عمل بدستور جاری رہے گا۔

حج 2027 سے 2030 کے لیے آن لائن رجسٹریشن مہم بھرپور انداز میں جاری ہے جہاں گھر بیٹھے رجسٹریشن کرانے والے عازمین کی تعداد 3 لاکھ 8 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق عازمین حج حج پورٹل یا “پاک حج” موبائل ایپ کے ذریعے آسانی سے اپنی رجسٹریشن مکمل کر رہے ہیں۔ یہ اقدام وزیراعظم کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کے تحت جدید اور سہل خدمات کی فراہمی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق 2 لاکھ 22 ہزار افراد نے سرکاری حج اسکیم جبکہ 86 ہزار نے نجی حج اسکیم کا انتخاب کیا ہے۔

رجسٹرڈ عازمین میں 1 لاکھ 81 ہزار مرد اور 1 لاکھ 27 ہزار خواتین شامل ہیں، جبکہ تعلیمی لحاظ سے 3 ہزار 500 پی ایچ ڈی، 53 ہزار ماسٹرز اور 71 ہزار بیچلرز ڈگری ہولڈرز نے بھی رجسٹریشن کرائی ہے۔

عمر کے اعتبار سے 33 سے 44 سال کے عازمین کی تعداد 1 لاکھ 19 ہزار کے ساتھ سب سے زیادہ ہے جبکہ 61 سال یا اس سے زائد عمر کے رجسٹرڈ عازمین کی تعداد 40 ہزار ہے۔

وزارت مذہبی امور نے عندیہ دیا ہے کہ اگلے مرحلے میں حج واجبات بھی آن لائن وصول کیے جائیں گے جبکہ نیشنل آئی ٹی بورڈ کا تیار کردہ حج مینجمنٹ سسٹم عازمین اور وزارت کے درمیان رابطے کو مزید مؤثر بنا رہا ہے۔

وزارت کے مطابق حج 2027 تا 2030 کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا عمل بدستور جاری رہے گا۔

متعلقہ خبریں