پاکستانی اداکارہ اور ماڈل روما مائیکل نے اداکار شان بیگ کے ساتھ شادی کر لی ہے۔
اداکار شان بیگ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر روما مائیکل کے ہمراہ ایک تصویر شیئر کی جس میں انہوں نے اپنی اہلیہ کا تعارف کرایا جس کے بعد روما مائیکل نے بھی یہی تصویر اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کرتے ہوئے شادی کی تصدیق کر دی۔
شادی کی خبر سامنے آنے کے بعد مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے دونوں کو مبارکباد دینے کا سلسلہ شروع ہو گیا جبکہ روما مائیکل نے موصول ہونے والے کئی مبارکبادی پیغامات اپنی انسٹاگرام اسٹوریز پر بھی شیئر کیے۔
View this post on Instagram
بعد ازاں شان بیگ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ میری سابقہ ازدواجی زندگی کا اختتام کافی عرصہ قبل عدالت سے باہر باہمی رضامندی سے ہو چکا تھا، میں اور میری سابقہ شریکِ حیات اپنی اپنی زندگی میں آگے بڑھ چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں امید، خوشی اور شکرگزاری کے ساتھ اپنی زندگی کے نئے سفر کا آغاز کر رہا ہوں۔
شان بیگ نے مداحوں سے اپیل کی کہ افواہوں، قیاس آرائیوں اور غیر ضروری موازنوں سے گریز کریں اور میری سابقہ شریکِ حیات سمیت تمام متعلقہ افراد کی نجی زندگی کا احترام کریں۔
اداکار کا مزید کہنا تھا کہ بطور والد اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی، روما مائیکل کے ساتھ نئی ازدواجی زندگی اور مستقبل کی منصوبہ بندی اب میری اولین ترجیحات ہیں۔

















