لاہور: پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبہ بھر میں مون سون بارشوں کے تیسرے سپیل کا الرٹ جاری کردیا۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے بھر میں مون سون بارشوں کے تیسرے اسپیل کا الرٹ جاری کرتے ہوئے 24 سے 27 جولائی کے دوران بیشتر اضلاع میں بارشوں اور کئی علاقوں میں موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق 24 سے 27 جولائی کے دوران لاہور، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب، اوکاڑہ، قصور، ساہیوال، پاکپتن اور گرد و نواح میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بہاولنگر، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، لیہ، بھکر، ملتان، خانیوال اور ملحقہ علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔
ادارے نے بتایا کہ راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، سرگودھا، خوشاب، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور نارووال میں بھی موسلادھار بارشیں ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ نے صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے، نکاسی آب کے انتظامات یقینی بنانے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کو مکمل طور پر متحرک رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ خراب موسم کی صورتحال کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سرکاری اداروں کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔



















