Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مداحوں کا انتظار ختم؟ ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کی ریلیز سے متعلق بڑی خبر

نیٹ فلکس کی پہلی پاکستانی اوریجنل سیریز 2026 کے اختتام تک ریلیز ہونے کا امکان ہے

پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس اوریجنل سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کی ریلیز سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے۔

تازہ رپورٹس کے مطابق فرحت اشتیاق کے مقبول ناول پر مبنی اس سیریز کو 2026 کے اختتام تک نیٹ فلکس پر ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ پہلی مرتبہ 2009 میں خواتین ڈائجسٹ میں قسط وار شائع ہوا تھا جبکہ 2013 میں اسے کتابی شکل میں بھی شائع کیا گیا۔

اگرچہ متعدد پاکستانی ڈرامے ٹی وی پر نشر ہونے کے بعد نیٹ فلکس پر دستیاب کیے جا چکے ہیں تاہم یہ نیٹ فلکس کی پہلی پاکستانی اوریجنل سیریز ہوگی جسے ہم ٹی وی اور نیٹ فلکس کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by AK BUZZ (@akbuzzofficial)

سیریز کی کاسٹ میں ماہرہ خان، فواد خان، بلال اشرف، حمزہ علی عباسی، ہانیہ عامر، اقرا عزیز، صنم سعید، احد رضا میر، نادیہ خان اور دیگر معروف فنکار شامل ہیں جبکہ پروڈکشن اور ہدایت کاری مومنہ درید نے انجام دی ہے۔

یہ سیریز ابتدا میں 2025 میں ریلیز ہونا تھی تاہم مختلف وجوہات کی بنا پر مقررہ وقت پر اس کی نمائش نہ ہو سکی۔ بعد ازاں طویل عرصے تک منصوبے سے متعلق کوئی باضابطہ اپ ڈیٹ سامنے نہ آنے پر اس کے مستقبل کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں بھی گردش کرتی رہیں۔

تازہ اطلاعات کے مطابق مومنہ درید اس وقت سیریز کی فائنل ایڈیٹنگ کی نگرانی کر رہی ہیں جبکہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں کاسٹ اس کی تشہیری مہم کا بھی آغاز کرے گی۔

دوسری جانب کئی سال کی تاخیر کے باعث مداح اب بھی ریلیز کی خبروں پر محتاط ردِعمل کا اظہار کر رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر بعض صارفین کا کہنا ہے کہ وہ سیریز کی اقساط نیٹ فلکس پر نشر ہونے کے بعد ہی اس کی ریلیز پر یقین کریں گے۔