برطانیہ کی معروف گلوکارہ لورا رائٹ نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان لیڈز میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل پاکستانی قومی ترانہ پیش کرکے شائقین کی توجہ حاصل کرلی۔
لورا رائٹ نے بغیر کسی ساز کے اپنی آواز میں قومی ترانہ پیش کیا جسے اسٹیڈیم میں موجود پاکستانی شائقین نے سراہا۔ ان کی پرفارمنس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی جہاں صارفین نے گلوکارہ کے انداز اور آواز کو پسند کیا۔
قومی ترانے کی اس پرفارمنس کی خاص بات یہ تھی کہ لورا رائٹ نے اسے درست تلفظ اور ادائیگی کے ساتھ پیش کرنے کے لیے چھ ماہ تک اردو زبان سیکھی۔
گلوکارہ کے مطابق وہ صرف ترانے کے بول یاد کرنے تک محدود نہیں رہیں بلکہ الفاظ کے درست تلفظ، ادائیگی اور مفہوم کو سمجھنے پر بھی خصوصی توجہ دی۔
ایک انٹرویو میں لورا رائٹ نے کہا کہ کسی بھی ملک کا قومی ترانہ گانے کی دعوت ملنا میرے لیے اعزاز ہے تاہم پاکستانی قومی ترانہ میرے لیے ایک چیلنج تھا۔ میں نے دعوت قبول کرنے سے قبل اس لیے سوچ بچار کی تاکہ میں ترانے کو مکمل درستگی کے ساتھ پیش کرسکوں۔
A stunning performance and a beautiful start to this Test series.@thelaurawright sings the national anthem of Pakistan a cappella. pic.twitter.com/zkTiRN60PU
— Test Match Special (@bbctms) August 19, 2026
برطانوی گلوکارہ نے کہا کہ پاکستانی قومی ترانہ عام گانے سے مختلف اور زیادہ ذمہ داری کا تقاضا کرتا ہے، اسی لیے میں نے اس کی تیاری میں بھرپور محنت کی، میں چاہتی تھی کہ ترانے کے ساتھ مکمل انصاف کیا جائے۔
لورا رائٹ اس سے قبل بھی مختلف بڑے ایونٹس اور عالمی تقریبات میں قومی ترانے پیش کرچکی ہیں تاہم پاکستانی قومی ترانے کے لیے چھ ماہ تک اردو سیکھنے کی ان کی کوشش نے اس پرفارمنس کو منفرد بنا دیا۔
لیڈز میں ان کی آواز میں قومی ترانہ پیش کیے جانے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا گیا تاہم متعدد پاکستانی شائقین نے گلوکارہ کی تیاری، محنت اور پاکستانی زبان و ثقافت کے احترام کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
یوں میچ کے آغاز سے قبل لورا رائٹ کی جانب سے پیش کیا گیا پاکستانی قومی ترانہ اسپورٹس ایونٹ کا ایک یادگار لمحہ بن گیا۔
















