اسٹکی نوٹس کسی اہم بات کو یاد رکھنے یا دوسروں کو یاد دلانے کا آسان طریقہ ہے لیکن کاغذ کے ہونے کی وجہ سے یہ جلد ضائع ہو جاتے ہیں تاہم اب معروف الیکٹرانک کمپنی سیڈ اسٹوڈیو نے اس کا ایک جدید متبادل حل پیش کیا ہے۔ کمپنی نے ایک چھوٹا سا ای پیپر پیڈ تیار کیا ہے جو ای انک اسکرین پر کام کرتا ہے اور مصنوعی ذہانت کی مدد سے آپ کی آواز کو تحریر میں بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اس حیرت انگیز ڈیوائس میں 3.97 انچ کی ٹچ اسکرین دی گئی ہے۔ آپ صرف اسکرین پر ٹیپ کریں اپنی بات بولیں اے آئی اسے فوراً لکھ دے گی۔ پھر اس ڈیوائس کو فریج، دروازے یا کسی بھی دھاتی سطح پر لگا دیں تاکہ گھر کے دوسرے افراد بعد میں اسے دیکھ سکیں۔
اس چھوٹی سی میں صرف نوٹس ہی نہیں بلکہ وقت، موسم اور دیگر معلومات دکھانے والی ایپس بھی موجود ہیں۔ اگر آپ بولنے کے بجائے ٹائپ کرنا چاہتے ہیں تو اس میں یہ سہولت بھی دستیاب ہے اور یہ کام آپ موبائل ایپ کے ذریعے اپنے فون سے بآسانی کر سکتے ہیں۔

اس ڈیوائس کو اپنی ضرورت کے مطابق تبدیل بھی کیا جا سکتا ہے۔ اسے ای ریڈر، اسمارٹ ہوم کنٹرول یا دوسرے کاموں کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ری ٹرمینل اسٹیکی میں 750 ایم اے ایچ کی بیٹری دی گئی ہے جو یو اس بی-سی سے چارج ہوتی ہے۔ آواز کو تحریر میں بدلنے، وائی فائی اور بلوٹوتھ استعمال کرنے سے بیٹری خرچ ہوتی ہے لیکن ای انک اسکرین ایک بار پیغام دکھانے کے بعد بہت کم بجلی استعمال کرتی ہے۔ کمپنی کے مطابق عام استعمال میں بیٹری تقریباً ایک ہفتہ چل سکتی ہے،جبکہ اگر اسکرین کم تبدیل کی جائے تو کئی ماہ تک بھی چل سکتی ہے۔

اس ڈیوائس میں ای ایس پی 32 مائیکرو کنٹرولر، 8 ایم بی ریم اور چار طاقتور مقناطیس نصب ہیں جن کی مدد سے اسے دھاتی سطح پر آسانی سے لگایا جا سکتا ہے۔ اگر دیوار یا دوسری غیر دھاتی جگہ پر لگانا مقصود ہو تو کمپنی اس کے ساتھ ایک چپکنے والی مقناطیسی رنگ بھی فراہم کرتی ہے۔
مجموعی طور پر یہ ایک دلچسپ تصور ہے گھر میں ایسی جگہ جہاں لوگوں کی آمدورفت زیادہ ہو، وہاں آنکھوں کی سطح پر ایک ڈیجیٹل اسٹکی نوٹ لگانا یقیناً روایتی کاغذی نوٹس کے مقابلے میں زیادہ مؤثر ثابت ہو سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اس ڈیوائس کو اپنی ضرورت کے مطابق تبدیل اور بہتر بنانے کی سہولت بھی اسے مزید پرکشش بناتی ہے۔
اگر آپ گھر یا دفتر میں کسی اہم جگہ پر یاددہانی کے لیے اسے لگانا چاہتے ہیں تو یہ ڈیجیٹل اسٹکی نوٹ ایک اچھا متبادل ثابت ہو سکتا ہے۔ اس کی قیمت 49.90 امریکی ڈالر رکھی گئی ہے تاہم اس میں شپنگ اور ٹیکس شامل نہیں۔ اس وقت اس کی پیشگی بکنگ جاری ہے جبکہ اس کی ترسیل ستمبر کے وسط سے شروع ہونے کی توقع ہے۔




















