Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

خلا میں 8 ماہ گزارنے والا سویوز ایم ایس 28 مشن کا عملہ بحفاظت زمین پر پہنچ گیا

کامیاب واپسی کے بعد عملے کے ارکان کو طبی معائنے اور بحالی کے مرحلے سے گزارا جائے گا

روس کے خلائی ادارے روسکوسموس کے مطابق سویوز MS-28 خلائی مشن کا عملہ انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن (ISS) پر 8 ماہ طویل قیام مکمل کرنے کے بعد اتوار کے روز بحفاظت زمین پر واپس پہنچ گیا۔

روسکوسموس نے ٹیلی گرام پر جاری بیان میں بتایا کہ سویوز MS-28 کے ذریعے روسی خلا باز سرگئی کُڈ-سویئرچکوف اور سرگئی میکایف جبکہ ناسا کے خلا باز کرسٹوفر ولیمز زمین پر واپس آئے۔ خلائی جہاز کا ڈیسنٹ ماڈیول قازقستان کے شہر ژیزکازگان کے قریب کامیابی سے لینڈ کر گیا۔

بیان کے مطابق واپسی سے قبل سویوز خلائی جہاز نے انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن کے “راسویٹ” ماڈیول سے کامیابی کے ساتھ علیحدگی اختیار کی، جس کے بعد خلائی جہاز نے ڈی آربٹ برن مکمل کیا اور مقررہ مقام پر کامیاب لینڈنگ کی۔

سویوز MS-28 مشن کا آغاز نومبر 2025 کے آخر میں قازقستان کے بائیکونور کاسموڈروم سے کیا گیا تھا، جس کے بعد عملے نے تقریباً 242 دن خلا میں گزارے۔

روسکوسموس کے مطابق مشن کے دوران خلا بازوں نے سائنسی تحقیق کے 40 سے زائد تجربات مکمل کیے، جن میں خلائی ماحول، ٹیکنالوجی اور انسانی جسم پر خلا کے اثرات سے متعلق مختلف مطالعات شامل تھیں۔

کامیاب واپسی کے بعد عملے کے ارکان کو طبی معائنے اور بحالی کے مرحلے سے گزارا جائے گا تاکہ طویل عرصے تک کم کشش ثقل کے ماحول میں رہنے کے بعد ان کی صحت کا جائزہ لیا جا سکے۔

متعلقہ خبریں