Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بیٹری سے چلنے والا دنیا کا تیز ترین ڈرون تیار

ایپکس ریکارڈ ہنٹر خود کوئی ہتھیار نہیں بلکہ ایک تجرباتی پلیٹ فارم ہے جس کا مقصد نئی ٹیکنالوجی کی آزمائش کرنا ہے

جرمن کمپنی کوانٹم سسٹم  نے چار پروں والا ایک ایسا ڈرون تیار کیا ہے جو 699 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پرواز کر سکتا ہے۔

بیٹری سے چلنے والے ایپکس ریکارڈ ہنٹر نامی اس ڈرون نے یہ حیران کن رفتار 26 جون کو ایک ان ڈور آزمائشی پرواز  کے دوران حاصل کی تاہم اس ریکارڈ کی باضابطہ تصدیق گنیز ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے ابھی باقی ہے۔ اگر اس کی تصدیق ہو جاتی ہے تو یہ برقی طیارے کی سابقہ رفتار 657.59  کلومیٹر فی گھنٹہ کا ریکارڈ توڑ دے گا۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کا مقصد صرف رفتار کا ریکارڈ قائم کرنا نہیں بلکہ اس ٹیکنالوجی کو ایسے تیز رفتار انٹرسیپٹر ڈرونز کی تیاری میں استعمال کرنا ہے جو جنگی حالات میں دشمن کے حملہ آور ڈرونز کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے تباہ کر سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: تیزی سے گھومنے پر نگاہوں سے اوجھل ہونے والا انوکھا ڈرون

کوانٹم سسٹم کے سینئر پروٹوٹائپ انجینئر رابرٹ گارڈیمِن نے کہا کہ اس منصوبے پر ایک سال سے زیادہ عرصے تک مسلسل محنت کی گئی۔ ان کے مطابق 699  کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار ایک اہم سنگِ میل ہے لیکن ان کا ہدف اس سے بھی زیادہ رفتار حاصل کرنا ہے۔

اگرچہ برقی ڈرونز کی رفتار میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے لیکن وہ اب بھی ایندھن سے چلنے والے فوجی جیٹ ڈرونز سے کافی پیچھے ہیں۔

کمپنی نے واضح کیا ہے کہ ایپکس ریکارڈ ہنٹر خود کوئی ہتھیار نہیں بلکہ ایک تجرباتی پلیٹ فارم ہے جس کا مقصد نئی ٹیکنالوجی کی آزمائش کرنا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ منصوبہ ظاہر کرتا ہے کہ برقی ڈرون ٹیکنالوجی ترقی کر رہی ہے اور شہری تحقیق سے حاصل ہونے والی جدید ٹیکنالوجی اب دفاعی شعبے میں بھی تیزی سے استعمال ہو رہی ہے۔

متعلقہ خبریں