سعودی حکومت کی جانب سے پاکستان سمیت مزید چھ ممالک کے مسافروں کو براہ راست مملکت آنے کی اجازت کے اعلان کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے ہفتہ وار 35 پروازیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ نے بتایا کہ ابتدائی طور پر یہ 35 پروازیں یکم دسمبر سے اسلام آباد، لاہور، پشاور، ملتان اور کراچی کے ایئرپورٹس سے سعودی شہروں جدہ، مدینہ، ریاض، دمام اور القسیم کے لیے چلائی جائیں گے۔
دوسری جانب براہ راست پروازوں کا اعلان ہوتے ہی پی آئی اے کے کرایوں میں بڑا اضافہ ہوا ہے۔
ٹریول ایجنٹس کے مطابق جدہ کے لیے ریٹرن ٹکٹ کا ایک لاکھ ستر ہزار تک پہنچ گیا ہے جو کہ چند روز قبل تک 65 سے ستر ہزار روپے تھا۔
اس حوالے سے رابطہ کرنے پر پی آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ پی آئی اے کے ٹکٹس کی قیمتوں میں اضافہ شاید اس وجہ سے دیکھنے میں آ رہا ہےکہ پچھلی انوینٹری جلدی بِک چکی ہے اور جب فلائٹس میں گنجائش کم ہو جائے تو زیادہ کرایے والی کلاسز کے ٹکٹ ہی باقی رہ جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے سعودی عرب کے لیے کرائے 67 ہزار سے شروع ہوتے ہیں۔
اسکائی ڈیک ٹریول کے سی ای او عامر مشتاق نے بتایا کہ چار دسمبر کے لیے اگر پی آئی اے سے جدہ کی ٹکٹ بُک کی جائے تو اس وقت کم سے کم قیمت ایک لاکھ ستر ہزار روپے ہوجائے گی جبکہ دیگر کیٹیگریز میں دو لاکھ چار ہزار روپے تک کا ٹکٹ مل رہا ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق چونکہ سعودی حکومت کی ہدایت کے مطابق مملکت میں بغیر دونوں ویکسین لگوائے براہ راست آنے والے مسافروں کو پانچ دن قرنطینہ کرنا ہوگا اس لیے ٹریول ایجنٹس پی آئی اے کی منظور شدہ کمپنیوں سے پانچ دن کا قرنطینہ پیکج اپنے طور پر خریدیں، یہ خریدنا مسافروں کی ذمہ داری ہو گی۔
ٹریول ایجنٹس کے مطابق قرنطینہ پیکج 1500 ریال سے شروع ہوتا ہے اور اس میں پانچ دن کا ہوٹل میں قیام، کھانا، پی سی آر ٹیسٹ اور ایئرپورٹ سے پک اینڈ ڈراپ سروس شامل ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News