Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیراعظم شہبازشریف آسٹریا کے 2 روزہ دورے پر روانہ

وزیراعظم کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں اضافہ کرے گا

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہبازشریف آسٹریا کے 2 روزہ دورے پر روانہ ہوگئے ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق وزیراعظم کا دورہ پاک آسٹریا سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر ہورہا ہے، وزیراعظم آسٹریا کے چانسلر کرسچین اسٹاکر کی دعوت پر دورہ کررہے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیراطلاعات عطاتارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود ہیں، دورے کے دوران وزیراعظم کرسچین اسٹاکر سے دوطرفہ، وفود کی سطح پر ملاقات کریں گے۔

اس کے علاوہ وزیراعظم، آسٹریا کے چانسلر معروف کاروباری افراد کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے اور انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ڈائریکٹرجنرل سے بھی ملاقات کریں گے۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق وزیراعظم کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات میں نئی جہتوں کا اضافہ کرے گا جبکہ وزیراعظم اپنے آسٹری ہم منصب کے ساتھ دو طرفہ مذاکرات کریں گے، دونوں رہنما پاک،آسٹریا تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جامع جائزہ لیں گے۔

علاوہ ازیں وزیراعظم پاکستان، آسٹریا بزنس فورم کے اجلاس کی صدارت بھی کریں گے جبکہ پاک آسٹریا بزنس فورم کا انعقاد آسٹرین اکنامک چیمبر کی جانب سے کیا جارہا ہے۔