ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار 26 سے 28 فروری تک سعودی عرب کا دورہ کریں گے تاکہ او آئی سی ایگزیکٹو کمیٹی کے غیر معمولی وزارتی اجلاس میں شرکت کر سکیں۔
اجلاس 26 فروری کی رات جدہ میں منعقد ہوگا، جس میں اسرائیلی بستیوں کی توسیع، غیر قانونی الحاق کی پالیسی، اور مقبوضہ مغربی کنارے پر اسرائیلی خودمختاری مسلط کرنے کی کوشش کا جائزہ لیا جائے گا۔
نائب وزیراعظم اس موقع پر مقبوضہ مغربی کنارے کو نام نہاد “ریاستی زمین” قرار دینے سے متعلق اسرائیل کے غیر قانونی اقدامات پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے اور وزارتی اجلاس کے دوران اپنے ہم منصبوں سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
دورے کے دوران وہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کا بھی مختصر دورہ کریں گے۔
















