گرینڈ الائنس آف پرائویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز سندھ کی جانب سے میٹرک بورڈ کے تحت 7 اپریل سے شروع ہونے والے میٹرک کے امتحانات ملتوی کرنےکا مطالبہ پر ناظم امتحانات کا بیان سامنے آگیا۔
میٹرک کے سالانہ امتحانات مؤخر ہونے کی خبریں دم توڑ گئیں ناظم امتحانات احمدخان چٹھو نے امتحانات موخر ہونے کی سختی سے تردید کردی۔
احمد خان چٹھو کا کہنا ہے کہ میٹرک کے سالانہ امتحانات 7 اپریل سے ہی ہوں گے تمام اسٹوڈنٹس بورڈ کی ویب سائٹ سے اپنے ایڈمٹ کارڈ ڈاون لوڈ کرسکتے ہیں بورڈ ک پورٹل فعال ہے اس میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
ناظم امتحانات نے مزید کہا کہ اساتذہ و طلبہ کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں طلبہ کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے طلبہ و والدین کسی کی بات نہ سنیں امتحانات وقت مقررہ پر ہوں گے۔
قبل ازیں گرینڈ الائنس آف پرائویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز سندھ کا کہنا تھا کہ نامکمل اور ناقص انتظامات کے ساتھ کراچی میٹرک بورڈ کے امتحانات ممکن نہیں ہیں وزیر یونیورسیٹیز اینڈ بورڈز سندھ فوری طور پر ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے امتحانی شیڈول کو ایک ہفتے کے لیے موخرکریں۔
تنظیم کے مطابق کثیر تعداد میں اسکولوں کے ایڈمٹ کارڈز پورٹل پر اپ لوڈ نہیں ہو سکے ہیں افرا تفری میں اور اندھا دھند بنانے جانے والے امتحانی مراکز پر امتحانی عمل تعلیم کے ساتھ ایک مذاق ہے متعدد اسکولز امتحانی مرکز بنائے جانے سے آگاہ ہی نہیں ہیں تسلی بخش اور پر سکون ماحول امتحان دینے والے ایک ایک طالب علم کا بنیادی قانونی حق ہے۔
چار لاکھ بچوں کا مستقبل کسی ایک شخص کی جھوٹی عزت اور ذاتی انا کے لیے خراب نہیں کیا جانا چاہیےامتحان جیسے اہم عمل میں غلط اور جھوٹی معلومات فراہم کرنا ایک سنگین مسئلہ ہے۔
واضح رہے کہ گرینڈ الائنس آف پرائویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز سندھ آج چار بجے شام اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گا۔














