Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کور کمانڈرز کانفرنس؛ سعودی عرب پر حملے ایک غیر ضروری کشیدگی ہیں، فورم کی مذمت

پاکستان علاقائی سلامتی کے استحکام کے لیے فعال علاقائی سیکیورٹی اسٹیبلائزر کا کردار ادا کررہا ہے، فورم

راولپنڈی: کور کمانڈرز کانفرنس نے سعودی عرب پر حالیہ حملوں کی شدید مذمت کی اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب پر حملے ایک غیر ضروری کشیدگی ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نشان امتیاز (ملٹری) اور ہلال جرات چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کی زیر صدارت 274 ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔

فورم نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مادر وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے معصوم شہریوں کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

فورم نے شہداء کی بے مثال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ شہداء کی لازوال قربانیاں پاکستان کی سلامتی کی اساس ہیں۔

آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے پاکستان کی مسلح افواج کی غیر متزلزل پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل کارکردگی، دفاع وطن کے لیے پائیدار انٹیلی جنس کی بنیاد پر انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے ثابت قدمی کو سراہا۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ حکومت، مسلح افواج اور عوام کے باہمی تعاون اور ہم آہنگی کے ذریعے پاکستان اپنی سیکیورٹی کے حوالے سے کامیابیوں کو مزید مستحکم، معاشی استحکام کو مضبوط اور علاقائی و عالمی سطح پر اپنی حیثیت کو بہتر بنانے میں گامزن ہے۔

فورم نے کہا کہ بھارت اور دیگر بیرونی سرپرستوں کی ایما پر کام کرنے والے تمام دہشت گرد پراکسی عناصر، ان کے سہولت کاروں اور معاونین سمیت، بلا امتیاز اور مسلسل تعاقب کے ذریعے ختم کیے جائیں گے۔

شرکاء کانفرنس نے کہا کہ آپریشن غضب للحق کی رفتار برقرار رکھی جائے گی یہاں تک کہ دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کا مکمل خاتمہ ہوجائے اور پاکستان کے خلاف افغان سرزمین کے استعمال کو فیصلہ کن طور پر مکمل ختم نہ کردیا جائے۔

فورم نے مشرق وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے کے لیے حکومت کی بھرپور کوششوں کو سراہا اور کہا کہ پاکستان متحمل مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور اصولی سفارتکاری کے لیے پرعزم ہے۔

فورم نے کہا کہ ایک ذمہ دار اسٹیک ہولڈر کے طور پر پاکستان علاقائی سلامتی کے استحکام کے لیے فعال علاقائی سیکیورٹی اسٹیبلائزر کا کردار ادا کررہا ہے۔

کور کمانڈرز کانفرنس نے سعودی عرب کے پیٹروکیمیکل اور صنعتی کمپلیکس پر حالیہ حملوں کی شدید مذمت کی اور تشویش کا اظہار کیا۔ فورم نے کہا کہ سعودی عرب پر حملے ایک غیر ضروری کشیدگی ہیں۔

فورم کا کہنا تھا کہ ایران کے سعودی عرب پر حملے پرامن ذرائع سے تنازع کے حل کی مخلصانہ کوششوں کو نقصان پہنچارہے ہیں۔ سعودی عرب نے سنگین اشتعال انگیزیوں کے باوجود اب تک جس تحمل اور محتاط رویے کا مظاہرہ کیا اس سے ثالثی اور سفارتی حل کی راہ ہموار ہوئی۔

کور کمانڈرز کانفرنس نے یہ بھی کہا کہ اس نوعیت کے حملے اور بلاجواز جارحیتیں، جاری پرامن کوششوں اور سازگار ماحول کو سنگین طریقے سے متاثر کرتی ہیں۔

فورم نے بھارت کی جانب سے منسوب مسلسل گمراہ کن معلومات، بے بنیاد الزامات اور جھوٹے فلیگ آپریشنز کے بیانیے کو دوٹوک انداز میں مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ہتھکنڈے عالمی سطح پر بے نقاب ہوچکے ہیں۔

فورم نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں اور ماورائے عدالت اموات چھپانے اور جعلی مقابلوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

کانفرنس کے اختتام پر آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے کمانڈرز کو آپریشنل تیاری، نظم و ضبط، تربیت، جسمانی فٹنس، نئی جدتیں اور میدان جنگ میں پیشہ ورانہ مہارت کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔

آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے مسلح افواج کی ہر قسم کے خطرات کا مقابلہ کرنے اور پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو یقینی بنانے کی صلاحیت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

متعلقہ خبریں