حکومتِ پاکستان نے اسلام آباد میں منعقد ہونے والے اہم بین الاقوامی مذاکرات کے پیشِ نظر غیر ملکی مندوبین اور صحافیوں کے لیے خصوصی سہولت کا اعلان کر دیا ہے۔ اس اقدام کے تحت شرکاء کو پاکستان آمد پر ویزا جاری کیا جائے گا تاکہ ان کی شرکت کو آسان اور تیز بنایا جا سکے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان “اسلام آباد مذاکرات 2026” میں شریک تمام ممالک کے نمائندوں اور میڈیا اہلکاروں کا پرتپاک خیرمقدم کرتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس سلسلے میں ایئرلائنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ متعلقہ افراد کو بغیر پیشگی ویزا کے بھی پاکستان کے لیے بورڈنگ کی اجازت دی جائے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان پہنچنے پر امیگریشن حکام فوری طور پر ویزا آن ارائیول جاری کریں گے، تاکہ مندوبین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو اور وہ آسانی سے مذاکرات میں شرکت کر سکیں۔
















