ذاتی زندگی کو عوامی مواد میں بدلتے دیکھنا آج کے دور کی سب سے نمایاں اور خطرناک علامات میں سے ایک بن چکا ہے۔ پاکستان میں یہ تبدیلی ڈیجیٹل شعور کی رفتار سے کہیں زیادہ تیزی سے آئی جس نے ایک ایسا خلاء پیدا کردیا ہے جس سے مجرم بڑی مہارت سے فائدہ اٹھارہے ہیں۔ چاہے بات ہو رقم اڑانے کی یا سنگین اخلاقی اور سماجی جرائم کی، مجرمانہ گروہ اس فن میں ماہر ہوچکے ہیں۔ جو چیزیں بظاہر بے ضرر لگتی ہیں، جیسے خاندانی لمحات، روزمرہ کے معمولات یا جذباتی اظہار، وہ دراصل خاموشی سے ہماری شناخت، رویوں اور کمزوریوں کو عوام کے سامنے بے نقاب کررہی ہیں۔
یہ کوئی خیالی بات نہیں بلکہ حقیقت ہے جس کا اظہار روزمرہ کے واقعات اور مقبول میڈیا دونوں میں ہورہا ہے۔ پاکستانی ڈراموں جیسے ’’میرے بن جاؤ‘‘ اور ’’ایک اور پاکیزہ‘‘ میں دکھایا گیا ہے کہ ذاتی مواد کے لیک ہونے، سائبر دھونس اور ڈیجیٹل زیادتی کے کیا نتائج نکلتے ہیں۔ اسی طرح حقیقی واقعات پر مبنی دیگر سیریلز نے یہ بتایا ہے کہ کس طرح جھوٹے الزامات، توڑے گئے بیانیے یا آن لائن نمائش گھنٹوں میں زندگیاں تباہ کرسکتے ہیں۔ یہ کہانیاں مبالغہ نہیں بلکہ ایک گہرے اور بڑھتے ہوئے سماجی مسئلے کی عکاسی ہیں۔
مسئلے کی سنگتی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ پچھلے چند سالوں میں ملک بھر میں لاکھوں سائبر کرائم کی شکایات درج ہوئی ہیں جن میں خواتین اور نوجوان سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ صرف پانچ سالوں میں خواتین (18 لاکھ) سائبر کرائم کا شکار ہوئیں جس میں ہراسانی، بلیک میلنگ اور شناخت کی چوری جیسے جرائم شامل ہیں۔ اس سے پہلے کے اعداد و شمار بھی مسلسل بڑھتے ہوئے رجحان کی نشاندہی کرتے ہیں۔ ہر سال ہزاروں کیسز رپورٹ ہوتے ہیں جن کا تعلق سوشل میڈیا اور میسجنگ ایپس سے ہوتا ہے۔ تاہم یہ اعداد و شمار حقیقت کا صرف ایک چھوٹا سا حصہ ہیں کیونکہ معاشرتی بدنامی اور خوف کی وجہ سے بہت سے لوگ آگے نہیں آتے۔
ان میں سے زیادہ تر مقدمات تکنیکی طور پر پیچیدہ نہیں ہوتے۔ عام طریقوں میں ذاتی تصاویر کا غلط استعمال، سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی ہیکنگ یا جعلی پروفائلز بناکر لوگوں کو بلیک میل کرنا شامل ہے۔ ایک مقدمے میں ہیکرز نے خواتین کے اکاؤنٹس ہیک کرکے ان کے فون نمبرز اور ذاتی تعلقات عام کرنے کی دھمکی دی تھی جب تک کہ انہیں رقم ادا نہ کی جائے۔ دوسرے کیس میں مجرمان نے فوٹوز میں ہیرا پھیری کرکے کئی لوگوں کو طویل عرصے تک ہراساں کیا اور ان سے پیسے وصول کیے۔ ان واقعات سے ایک اہم سبق ملتا ہے کہ خطرہ ہمیشہ جدید ٹیکنالوجی میں نہیں ہوتا بلکہ اس معلومات میں ہوتا ہے جو ہم خود خوشی خوشی شیئر کرتے ہیں۔
اور یہی وہ مقام ہے جہاں ہمارا رویہ ہماری سب سے بڑی کمزوری بن جاتا ہے۔ ہماری روزمرہ کی ڈیجیٹل عادات، روزانہ کی سرگرمیاں پوسٹ کرنا، مقامات بتانا، تقریبات کی تصویریں لگانا، گھر کے اندر کی زندگی دکھانا۔ یہ سب کچھ ایسا ڈیٹا فراہم کرتا ہے جسے آسانی سے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ہر پوسٹ ایک بڑی پروفائل کا حصہ بن جاتی ہے۔ اس سے پتا چلتا ہے کہ آپ کہاں رہتے ہیں، کب کہاں جاتے ہیں، کن لوگوں سے ملتے ہیں اور آپ کے لیے کیا اہم ہے۔ انفرادی طور پر یہ ٹکڑے بے ضرر لگ سکتے ہیں لیکن جب یہ جمع ہوجاتے ہیں تو آپ کی مکمل تصویر بن جاتی ہے جسے کوئی بھی غلط استعمال کرسکتا ہے۔
میڈیا نے اس مسئلے کی ایک اور خطرناک جہت بھی اٹھانی شروع کردی ہے: وہ رفتار جس سے ڈیجیٹل بیانیے قابو سے باہر ہوجاتے ہیں۔ حقیقی زندگی کے تنازعات پر بننے والے ڈرامے دکھاتے ہیں کہ کس طرح ایک الزام، خواہ سچا ہو یا جھوٹا، آن لائن آگ کی طرح پھیل جاتا ہے اور اکثر کسی تصدیق کا انتظار نہیں کرتا۔ ایک بار پھیلنے کے بعد یہ عوامی رائے کو اس طرح بدل دیتا ہے کہ پھر اسے ٹھیک کرنا تقریباً ناممکن ہوجاتا ہے۔ ہمارے معاشرے میں جہاں عزت اور ساکھ کی بہت اہمیت ہے، اس کے اثرات صرف آن لائن تک محدود نہیں رہتے بلکہ پیشے، خاندان اور دوستوں تک پھیل جاتے ہیں۔
تو اصل مسئلہ ٹیکنالوجی نہیں، ذہنیت ہے۔ ہم ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو غیر رسمی اور عارضی سمجھتے ہیں جب کہ حقیقت میں وہ مستقل اور بے حد ہیں۔ یہ غلط فہمی ہمیں آسان نشانہ بناتی ہے۔ جیسے بیماری لگنے کے بعد قابو پانا مشکل ہوجاتا ہے، ویسے ہی ڈیجیٹل نقصان چاہے وہ ساکھ کا ہو، نفسیاتی ہو یا مالی شاذ و نادر ہی مکمل طور پر ٹھیک ہو پاتا ہے۔
اس لیے بچاؤ کوئی اختیار نہیں بلکہ ضرورت ہے۔ انفرادی سطح پر ڈیجیٹل دنیا میں محفوظ رہنے کے لیے کچھ اصولوں پر عمل کرنا ہوگا۔
ڈیجیٹل نمائش کو محدود کریں: اپنے معمولات، مقامات اور ذاتی واقعات کو حقیقی وقت میں شیئر کرنے سے گریز کریں۔ اپنے خاندان اور خاص طور پر بچوں کو غیر ضروری طور پر عوام کے سامنے نہ لائیں۔
اپنی شناخت کا تحفظ کریں: ذاتی اور پیشہ ورانہ اکاؤنٹس کو الگ رکھیں، اپنی ذاتی تاریخ کم سے کم شیئر کریں اور ایسی معلومات دینے سے بچیں جو آسانی سے ٹریس کی جاسکیں۔
نامعلوم لوگوں سے محتاط رہیں: اجنبیوں کے ساتھ غیر ضروری بات چیت سے گریز کریں، اپنے جذباتی ردعمل پر قابو رکھیں اور ہر آن لائن تعامل کو مستقل اور ممکنہ طور پر عوامی سمجھیں۔
معلومات کی صفائی کرتے رہیں: پرانی پوسٹس کو باقاعدگی سے چیک کریں اور حذف کریں، پرائیویسی سیٹنگز کو سخت رکھیں اور غیر ضروری ایپس کو اجازتیں نہ دیں۔
بنیادی سیکیورٹی کو لازمی سمجھیں: مضبوط پاس ورڈ، دوہری توثیق اور اپ ڈیٹ شدہ ڈیوائسز اب اختیاری نہیں بلکہ لازمی ہیں۔
خاندان میں بیداری پیدا کریں: کھل کر بات کریں، بچوں کی رہنمائی کریں اور ان کے آن لائن رویے پر نظر رکھیں۔
ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اظہار سے احتیاط کی طرف اور نمائش سے کنٹرول کی طرف منتقل ہوں۔ ماضی میں پرائیویسی پہلے سے طے شدہ تھی اور نمائش اختیاری تھی۔ آج نمائش طے شدہ ہے اور پرائیویسی کو محفوظ رکھنے کے لیے کوشش کرنی پڑتی ہے۔
جو لوگ اس تبدیلی کو سمجھنے میں ناکام رہتے ہیں وہ اتفاق سے شکار نہیں بنتے بلکہ اپنی ہی عادات کی وجہ سے کمزور ہوجاتے ہیں۔ ڈیجیٹل دور میں احتیاط خوف نہیں دور اندیشی ہے۔ ہمیں ایک ہی اصول پر چلنا چاہیے کہ احتیاط کو ہمیشہ ترجیح دیں کیونکہ جب تک خطرہ نظر آنے لگتا ہے اس کے نتائج اکثر آچکے ہوتے ہیں۔
















