وزیراعظم شہبازشریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی سے ملاقات کی جس میں مشرق وسطی کی صورتحال، عالمی اور خطے کے معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ ملاقات امیری دیوان میں ہوئی جو کہ ایک گھنٹہ تک جاری رہی جس میں امیر قطر نے خطے میں کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کے کلیدی کردار کو سراہا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے قطر اور دیگر خلیجی ممالک پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے قطر کی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے کی سلامتی اور استحکام کے لیے بین الاقوامی روابط کاری کے ذریعے کشیدگی میں کمی کی کوششوں پر اتفاق کرتے ہوئے کشیدگی میں کمی کی کوششوں کی حمایت اور عالمی سطح پر تعاون کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
دونوں رہنماؤں نے خصوصاً توانائی کی ترسیل کے نظام کو بلا تعطل جاری رکھنے کے لیے بھی اتفاق کیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات کا بھی جائزہ لیا گیا اور انہیں مزید فروغ دینے کے طریقوں پر غور کیا گیا اس کے علاوہ سیکورٹی، دفاع اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا تاکہ شراکت داری کو مضبوط بنایا جا سکے اور تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں۔
اس ملاقات میں قطر کی جانب سے شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی (وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ)، عبداللہ بن محمد الخلیفی (چیف آف امیری دیوان) اور دیگر اعلیٰ حکام شریک تھے۔
پاکستان کی جانب سے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیرِ مملکت و وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی سید طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اعلامیے کے مطابق امیرِ قطر اور وزیرِ اعظم پاکستان کے درمیان ایک علیحدہ ملاقات بھی ہوئی۔
ون آن ون ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا موجودہ حالات اور ان کے علاقائی امن و استحکام پر اثرات کے پیش نظر دونوں ممالک کے درمیان مسلسل رابطے اور مشاورت کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
ملاقات کے بعد امیرِ قطر نے وزیرِ اعظم اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔
قبل ازیں وزیرِاعظم محمد شہباز شریف اپنے سہ ملکی دورے کے دوسرے مرحلے میں قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچے تھے جہاں قطر کے وزیرِ مملکت برائے خارجہ امور سلطان بن سعد المریخی نے وزیرِاعظم اور پاکستانی وفد کا پر تپاک استقبال کیا تھا۔

قطر کی حدود میں داخل ہوتے ہی قطری فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے وزیرِ اعظم کے جہاز کو حفاظتی حصار میں ایئر پورٹ تک چھوڑا وزیرِ اعظم نے قطری قیادت اور پائیلٹس کا اس شاندار استقبال پر شکریہ ادا کیا۔
ایئر پورٹ پہنچنے پر وزیر اعظم و پاکستانی وفد کو قطری مسلح افواج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی بھی دی۔
وزیرِاعظم اور پاکستانی وفد کی آمد پر دوحہ ائیرپورٹ اور دوحہ شہر کو پاکستانی پرچموں سے سجایا گیا۔
نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور وزیرِ اعظم کے ترجمان برائے بین الاقوامی میڈیا مشرف زیدی بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ تھے۔
















