Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان اور چین کے وزرائے خزانہ کی ملاقات؛ معاشی تعاون بڑھانے پر اتفاق

وزیر خزانہ نے پاکستان کے لیے چین کی دیرینہ اور مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاس 2026 کے موقع پر چین کے وزیر خزانہ لان فوآن سے ملاقات کی جس میں اسٹریٹجک شراکت داری اور معاشی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے پاکستان کے لیے چین کی دیرینہ اور مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور آئی ایم ایف میں چین کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے تعمیری کردار کو بھی سراہا۔

محمد اورنگزیب نے اپنے چینی ہم منصب کو پاکستان کے آئی ایم ایف پروگرام کی پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی (ای ایف ایف) کے تیسرے جائزے اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی (آر ایس ایف) کے دوسرے جائزے کے لیے اسٹاف لیول معاہدہ مکمل ہو چکا ہے جس کی منظوری مئی کے آغاز میں متوقع ہے۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ پاکستان نے 1.4 ارب ڈالر کا یورو بانڈ ادا کر دیا ہے اور سعودی عرب سے نمایاں اضافی مالی معاونت بھی حاصل کی ہے جس سے بیرونی مالی پوزیشن مضبوط ہوگی۔

انہوں نے پاکستان کے پہلے پانڈا بانڈ کے اجرا سے متعلق پیش رفت سے بھی آگاہ کیا جو مالی وسائل کو متنوع بنانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔

سینیٹر اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تجارت کا بڑا حصہ اب رینمنبی (آر ایم بی) میں طے ہو رہا ہے جس کے باعث بڑھتی ہوئی تجارتی سرگرمیوں کو سہارا دینے کے لیے کرنسی سوآپ سہولت میں اضافہ ضروری ہے۔

وزیر خزانہ نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو تسلیم کرنے پر چینی وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) ڈویلپمنٹ بینک کے قیام کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا، خاص طور پر ایسے وقت میں جب پاکستان ستمبر میں ایس سی او کی صدارت سنبھالنے جارہا ہے۔

ملاقات کے اختتام پر وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک میں چین کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کی مسلسل حمایت پر بھی شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ خبریں