فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ شہداء اور غازی قوم کا ہمیشہ رہنے والا فخر ہیں ان کی عزت اور قربانی ہر پاکستانی کے لیے ایک مقدس امانت ہے۔
پاکستان آرمی کے افسران اور جوانوں کو فوجی اعزازات سے نوازنے کے لیے آج جنرل ہیڈکوارٹرز، راولپنڈی میں ایک پروقار تقریبِ تقسیمِ اعزازات منعقد ہوئی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے بطور مہمانِ خصوصی شہداء کے اہلِ خانہ، افسران اور جوانوں کو آپریشنز میں غیر معمولی بہادری اور وطن کے لیے نمایاں خدمات کے اعتراف میں اعزازات عطا کیے۔
دیے جانے والے اعزازات میں 50 ستارۂ امتیاز (ملٹری) اور 12 تمغۂ بسالت شامل تھے۔ بعد از وفات دیے جانے والے تمغے شہداء کے اہلِ خانہ نے بڑے وقار کے ساتھ وصول کیے۔
فیلڈ مارشل نے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء اور غازی قوم کا ہمیشہ رہنے والا فخر ہیں۔ ان کی عزت اور قربانی ہر پاکستانی کے لیے ایک مقدس امانت ہے۔ ہمارے وطن کا امن اور سلامتی ان کی عظیم قربانیوں اور فرض سے غیر متزلزل وابستگی کی مرہونِ منت ہے۔
فیلڈ مارشل نے شہداء کے اہلِ خانہ کی ثابت قدمی، وقار اور حوصلے کو بھی زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کی بے مثال قربانیوں اور وطن سے لازوال وابستگی کو سراہا۔
پاکستان آرمی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی آپریشنل تیاری اور غیر متزلزل عزم کو سراہتے ہوئے فیلڈ مارشل نے دہشت گردوں کے خلاف ان کی مسلسل کوششوں کی تعریف کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ مکمل قومی عزم کے ساتھ جاری رہے گی جب تک ملک بھر میں پائیدار امن اور استحکام حاصل نہیں ہو جاتا۔
















