واشنگٹن میں پاکستان اور امریکا کے درمیان اعلیٰ سطح سفارتی رابطوں میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے اہم ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاک امریکا تعلقات میں حالیہ مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور خطے سمیت عالمی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی اور ثالثی کوششوں کو سراہتے ہوئے انہیں اہم قرار دیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ اعلیٰ سطح رابطوں اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر پاک امریکا شراکت داری کو مزید آگے بڑھایا جائے گا تاکہ خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے مشترکہ اہداف حاصل کیے جا سکیں۔
















