اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے پاکستانی کوہ پیما سلمان عتیق نے دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کامیابی سے سر کرکے ایک اور تاریخی سنگِ میل عبور کرلیا۔
سلمان عتیق نے آج صبح 11 بج کر 49 منٹ پر ایورسٹ کی چوٹی پر قدم رکھا اور اس کامیابی کے ساتھ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے 14ویں پاکستانی بن گئے۔
8 ہزار 848 میٹر بلند ماؤنٹ ایورسٹ کو دنیا کی مشکل ترین اور خطرناک چوٹیوں میں شمار کیا جاتا ہے، جہاں شدید سردی، برفانی ہوائیں اور آکسیجن کی کمی کوہ پیماؤں کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہوتی ہیں۔
سلمان عتیق کی یہ کامیابی صرف ایک ذاتی خواب کی تعبیر نہیں بلکہ پاکستانی نوجوانوں کے لیے بھی حوصلے اور عزم کی نئی مثال بن گئی ہے۔
اس سے قبل بھی سلمان عتیق اپنی کوہ پیمائی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں۔ گزشتہ برس انہوں نے نیپال کی معروف ماسلو چوٹی بھی کامیابی سے سر کی تھی۔
سوشل میڈیا پر سلمان عتیق کی کامیابی پر مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ صارفین اسے پاکستان کے لیے فخر کا لمحہ قرار دے رہے ہیں۔




















